کتاب 56: كتاب الجهاد والسير
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 2802
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے، اسود نے جندب بن سفیان سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کسی جنگ میں شریک تھے۔ آپؐ کی انگلی زخمی ہوگئی تو آپؐ نے یہ شعر پڑھا: تو ایک انگلی ہی ہے جو زخمی ہوئی ہے اور جو تجھے تکلیف پہنچی ہے وہ اللہ کی راہ میں ہے
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2803
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابی زناد سے، ابی زناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کوئی شخص بھی ایسا نہیں جو اللہ کی راہ میں زخمی ہو اور اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ کون اس کی راہ میں زخمی ہوتا ہے۔ مگر وہ ضرور قیامت کے روز اس حالت میں آئے گا کہ رنگ تو خون کا رنگ ہوگا اور خوشبو مشک کی سی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2804
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا، کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت عبد اللہ بن عباسؓ نے انہیں خبر دی کہ ابو سفیان بن حرب نے ان کو بتایا کہ ہرقل نے اس سے کہا: میں نے تجھ سے پوچھا تھا کہ اس پیغمبر سے تمہاری لڑائی کی کیا حالت رہتی ہے تو تو نے کہا کہ لڑائی ڈولوں کی طرح ہے کبھی اِدھر اور کبھی اُدھر، اسی طرح رسول آزمائے جاتے ہیں مگر اچھا انجام انہی کا ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2805
محمد بن سعید خزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا۔ (دوسری سند) عمرو بن زرارہ نے بھی ہمیں بتایا کہ ہم سے زیاد نے بیان کیا، کہا: حُمَید طویل نے مجھے بتایا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میرے چچا حضرت انس بن نضرؓ غزوئہ بدر میں شریک نہیں ہو سکے تھے تو انہوں نے عرض کی یا رسول اللہ! میں پہلی ہی جنگ میں شریک نہیں ہو سکا جو آپؐ نے مشرکوں سے کی ہے۔ اگر اللہ نے مشرکوں سے جنگ میں مجھے شریک کیا تو پھر اللہ بھی ضرور دیکھ لے گا کہ میں کیا کروں گا۔ جب اُحد کی جنگ ہوئی اور مسلمان میدانِ جنگ سے ہٹ گئے تو انہوں نے کہا: اے اللہ! جو میرے ان (مسلمان) ساتھیوں نے کیا ہے میں تیرے حضور اس کی معذرت کرتا ہوں اور جو ان مشرکوں نے کیا ہے میں اس سے تیرے حضور بیزاری کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر وہ (جنگ کے لئے) آگے بڑھے تو حضرت سعد بن معاذؓ ان کو سامنے سے ملے۔ تب (حضرت انس بن نضرؓ نے حضرت سعد بن معاذؓ سے) کہا: اے سعد بن معاذؓ! میں تو بہشت میں داخل ہونا چاہتا ہوں۔ نضر کے ربّ کی قسم! میں تو اُحد کے پاس اس کی خوشبو پارہا ہوں۔ سعدؓ کہتے تھے: یا رسول اللہ! پھر جو کچھ انہوں نے کیا میں نہ کر سکا۔ حضرت انس (بن مالکؓ) کہتے تھے: ہم نے ان کے بدن پر اَسی سے کچھ اوپر نشان دیکھے جو بعض تلوار کے تھے اور بعض برچھی کے زخم تھے اور بعض تیر کے اور ہم نے ان کو دیکھا کہ وہ ایسی حالت میں قتل کئے گئے ہیں کہ مشرکوں نے ان کی ناک، کان، ہاتھ اور پائوں سب کاٹ ڈالے۔ حتیٰ کہ ان کو کوئی نہ پہچان سکا سوائے ان کی بہن کے جس نے ان کی انگلیاں دیکھ کر پہچانا۔ حضرت انس (بن مالکؓ) کہتے تھے: ہم سمجھتے تھے یا (کہا) ہم خیال کرتے تھے کہ یہ آیت حضرت انس بن نضرؓ یا ان جیسے دوسرے مومنوں کے بارے میں نازل ہوئی۔ یعنی وہ ایسے مرد ہیں کہ جو عہد انہوں نے اللہ سے کیا تھا اس کو سچا کر دکھایا…
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2806
اور (حضرت انس بن مالکؓ) یہ بھی کہتے تھے کہ ان کی بہن نے جس کا نام رُبَیّع تھا ایک عورت کا دانت توڑ دیا تھا اور رسول اللہ ﷺ نے قصاص لینے کا فیصلہ فرمایا تو حضرت انس (بن نضرؓ) نے کہا تھا: یا رسول اللہ! اس ذات کی قسم جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے اس کا دانت نہیں توڑا جائے گا۔ چنانچہ اس عورت کے رشتہ دار دیت پر راضی ہوگئے اور انہوں نے قصاص چھوڑ دیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کے بندوں میں سے ایسے بھی ہوتے ہیں کہ اگر وہ اللہ کی قسم کھا بیٹھیں تو وہ ان کی قسم کو ضرور پورا کر دیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2807
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز اسماعیل (بن ابی اویس) نے مجھ سے بیان کیا، کہا: مجھ سے میرے بھائی (ابوبکر) نے ذکر کیا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے روایت کی۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے خارجہ بن زید سے روایت کی کہ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے کئی ورقوں سے نقل کرکے قرآنِ مجید جمع کیا اور مجھے سورئہ احزاب کی ایک آیت نہ ملی جو میں رسول اللہ ﷺ کو پڑھتے سنا کرتا تھا۔ میں نے اسے خزیمہ بن ثابت انصاریؓ کے سوا اور کہیں نہ پایا۔ صرف انہی کے پاس تھی اور ان کی شہادت کو رسول اللہ ﷺ نے دو مردوں کی شہادت کے برابر قرار دیا تھا اور وہ یہ آیت تھی: مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ رِجَالٌ۔۔۔۔ {مومنوں میں سے ایسے مرد ہیں جنہوں نے جس بات پر اللہ سے عہد کیا تھا اسے سچا کر دکھایا۔}
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2808
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ شبابہ بن سوار فزاری نے ہمیں بتایا کہ اسرائیل نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابو اسحق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ کے پاس ایک شخص آیا جو خود سے منہ چھپائے ہوئے تھا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں پہلے لڑوں یا اسلام قبول کروں؟ آپؐ نے فرمایا: پہلے اسلام قبول کرو پھر لڑو۔ چنانچہ وہ مسلمان ہو گیا پھر وہ لڑا اور مارا گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس نے کام تو تھوڑا کیا مگر ثواب بہت لے لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2809
محمد بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ حسین بن محمد ابواحمد نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا) شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا کہ ام رُبَیّع بنت براء جو حارثہ بن سراقہؓ کی والدہ تھیں نبی ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا نبی اللہ! کیا آپؐ مجھے حارثہ کے متعلق کچھ بتائیں گے اور وہ بدر کی جنگ میں مارے گئے تھے۔ انہیں اچانک ایک تیر آلگا۔ اگر تو وہ جنت میں ہے تو میں صبر کروں گی اور اگر کچھ اور بات ہے تو پھر میں اس کے لئے خوب روئوں گی۔ آپؐ نے فرمایا: ام حارثہ! جنت میں تو درجہ بدرجہ کئی باغ ہیں اور تیرے بیٹے نے تو فردوسِ اعلیٰ کا مقام حاصل کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2810
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: (یا رسول اللہ) کوئی شخص تو غنیمت کے لئے لڑتا ہے اور کوئی شخص ناموری کے لئے لڑتا ہے اور کوئی شخص اس لئے لڑتا ہے کہ اپنی قوت دکھائے تو اللہ کی راہ میں کون لڑتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جو اس لئے لڑے کہ اللہ ہی کا بول بالا ہو تو وہی اللہ کی راہ میں لڑتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2811
اسحق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن مبارک نے ہمیں خبر دی کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا۔ کہا کہ یزید بن ابی مریم نے مجھ سے بیان کیا کہ عبایہ بن رفاعہ بن رافع بن خدیج نے ہمیں خبر دی۔ کہا کہ حضرت ابوعبس عبدالرحمن بن جبرؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ نہیں ہو سکتا کہ اللہ کی راہ میں کسی بندے کے قدم غبار آلود ہوں اور پھر آگ اس کو چھو جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2812
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہمیں خبر دی۔ خالد (حذائ) نے ہمیں بتایا، (کہا:) عکرمہ سے روایت ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے ان سے اور (اپنے بیٹے) علی بن عبداللہ سے کہا: حضرت ابوسعید (خدریؓ) کے پاس جاؤ اور ان کی بات سنو۔ ہم ان کے پاس آئے اور وہ اور ان کا بھائی اپنے ایک باغ میں تھے جسے وہ پانی دے رہے تھے۔ جب انہوں نے ہمیں دیکھا تو وہ آئے اور گوٹھ مار کر بیٹھ گئے اور انہوں نے کہا: ہم مسجد نبوی بنتے وقت اینٹیں ایک ایک کرکے لاتے تھے اور عمار (بن یاسرؓ) دو دو اِینٹیں اُٹھا کر لاتے تھے۔ نبی ﷺ ان کے پاس سے گذرے اور آپؐ نے ان کے سر سے غبار پونچھا اور فرمایا: افسوس! باغی گروہ انہیں مار ڈالے گا۔ عمارؓ ان کو اللہ کی طرف بلا رہا ہوگا اور وہ اس کو آگ کی طرف بلا رہے ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2813
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ جب خندق کی جنگ سے واپس لوٹے اور آپؐ نے ہتھیار اُتار دئیے اور نہائے تو اس وقت جبرائیل آپؐ کے پاس آئے اور حالت یہ تھی کہ غبار آپؐ کے سر پر پگڑی کی طرح لپٹا ہوا تھا۔ (جبرائیل نے آنحضرت ﷺ سے) کہا: آپؐ نے ہتھیار اُتار دئیے ہیں۔ بخدا مَیں نے تو نہیں اُتارے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پھر کہاں جانا ہے؟ انہوں نے کہا: ادھر اور بنی قریظہ کی طرف اشارہ کیا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: چنانچہ رسول اللہ ﷺ ان کی طرف نکلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2814
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ان لوگوں کے خلاف جنہوں نے بئر معونہ والوں (یعنی ستر قاریوں) کو مار ڈالا تھا، تیس دن تک صبح کے وقت دعا کی۔ یعنی رعل، ذکوان اور عصیہ پر۔ ان (قبیلوں) نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ان لوگوں کے بارے میں جو بئر معونہ میں قتل کئے گئے قرآن نازل ہوا تھا۔ ہم اسے پڑھتے رہے پھر اس کے بعد ترک ہوگیا۔ یعنی یہ کہ ہماری قوم کو یہ بات پہنچا دو کہ ہم اپنے ربّ سے آ ملے ہیں وہ ہم سے راضی ہوا ہم اس سے راضی ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2815
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: اُحد کی جنگ میں کچھ لوگوں نے ایک صبح شراب پی۔ پھر وہ میدانِ جنگ میں ہی قتل کئے گئے۔ سفیان سے پوچھا گیا: کیا (یہ الفاظ روایت میں ہیں کہ) اس دن پچھلے وقت میں (قتل ہوئے؟) انہوں نے کہا: یہ تو اس روایت میں نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2816
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا، کہا: (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے محمد بن منکدر سے سنا۔ انہوں نے حضرت جابر (بن عبداللہؓ) سے سنا۔ کہتے تھے کہ میرا باپ نبی ﷺ کے پاس لایا گیا ایسی حالت میں کہ ان کے ناک، کان، ہاتھ اور پائوں کاٹ ڈالے گئے تھے اور انہیں آپؐ کے سامنے رکھا گیا۔ میں جب ان کے چہرہ کو کھولنے لگا تو لوگوں نے مجھے روکا۔ اتنے میں آنحضرت ﷺ نے ایک چلانے والی کی آواز سُنی۔ آپؐ سے کہا گیا کہ یہ عمرو کی بیٹی ہے یا یہ کہا کہ عمرو کی بہن ہے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کیوں رو رہی ہے؟ یا (یہ فرمایا کہ) وہ نہ روئے۔ ملائکہ تو عبداللہ پر اپنے پروں سے سایہ کر رہے ہیں۔ (امام بخاریؒ کہتے ہیں) میں نے صدقہ سے پوچھا: کیا اس (حدیث) میں یہ (فقرہ) بھی ہے کہ جنازہ اُٹھائے جانے تک؟ انہوں نے کہا: کبھی سفیان نے ان الفاظ کا بھی ذکر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2817
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہمیں بتایا۔ (کہا کہ) شعبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: شہید کے سوا کوئی بھی ایسا نہیں جو جنت میں داخل ہو جائے اور پھر دنیا میں واپس آنا پسند کرے گو اُسے جو کچھ بھی زمین میں ہے مل جائے۔ شہید آرزو کرتا ہے کہ وہ دنیا میں دس بار لوٹے اور مارا جائے اس لئے کہ وہ عزت دیکھ لیتا ہے (جو شہید کو ملتی ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2818
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ معاویہ بن عمرو نے ہمیں بتایا، (کہا:) ابو اسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم ابو نضر سے جو عمر بن عبیداللہ کے آزاد کردہ غلام تھے اور ان کے کاتب تھے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما نے عمر بن عبیداللہ کو لکھا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: یہ جان لو کہ جنت تلواروں کے سایہ میں ہے۔ (عبدالعزیز) اویسی نے بھی ابن ابی زناد سے، انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے ایسی ہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2819
اور لیث (بن سعد) نے کہا: جعفر بن ربیعہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن ہرمز سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: سلیمان بن دائود علیہما السلام نے کہا کہ میں آج رات ایک سو یا (کہا) نناوے بیویوں کے پاس چکر لگائوں گا۔ ان میں سے ہر ایک سوار جنے گی جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے گا۔ ان کے رفیق نے ان سے کہا: کہو! اگر اللہ چاہے۔ مگر حضرت سلیمانؑ نے ان شاء اللہ نہ کہا۔ تب ان میں سے کوئی بھی حاملہ نہ ہوئی سوائے ایک عورت کے جو اَدھورا انسان جنی۔ اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے اگر وہ ان شاء اللہ کہتے تو سب کے سب (پیدا ہوتے اور) سوار ہوکر اللہ کی راہ میں جہاد کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2820
احمد بن عبدالملک بن واقد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سب لوگوں سے زیادہ خوبصورت اور سب سے زیادہ بہادر اور سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ اہل مدینہ گھبرا اُٹھے تو نبی ﷺ گھوڑے پر سوار ہوکر ان سب سے آگے گئے اور آپؐ نے فرمایا: ہم نے اس گھوڑے کو ٹھاٹھیں مارتا ہوا دریا پایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2821
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر بن محمد بن جبیر بن مطعم نے مجھے بتایا۔ محمد بن جبیر نے کہا: مجھے (میرے والد) حضرت جبیر بن مطعمؓ نے خبر دی کہ ایک بار وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ جا رہے تھے اور آپؐ کے ساتھ اور لوگ بھی تھے۔ یہ واقعہ اس وقت کا ہے جبکہ آپؐ حنین سے واپس آ رہے تھے۔ بعض (بدوی) لوگ راستے ہی میں آپؐ سے لپٹ گئے اور آپؐ سے مانگنے لگے۔ انہوں نے آپؐ کو اتنا مجبور کیا کہ آپؐ کو ایک ببول کے درخت کی طرف ہٹنا پڑا۔ جس سے آپؐ کی چادر اٹک گئی اور نبی ﷺ ٹھہر گئے اور آپؐ نے فرمایا: مجھے میری چادر دے دو۔ اگر میرے پاس ان کانٹے دار درختوں کی تعداد میں بیل، بکری، اونٹ ہوتے تو میں ضرور ان کو تمہارے درمیان بانٹ دیتا اور تم مجھے بخیل نہ پاتے اور نہ جھوٹا اور نہ بزدل۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah