کتاب 12: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلاً}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2805
محمد بن سعید خزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا۔ (دوسری سند) عمرو بن زرارہ نے بھی ہمیں بتایا کہ ہم سے زیاد نے بیان کیا، کہا: حُمَید طویل نے مجھے بتایا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میرے چچا حضرت انس بن نضرؓ غزوئہ بدر میں شریک نہیں ہو سکے تھے تو انہوں نے عرض کی یا رسول اللہ! میں پہلی ہی جنگ میں شریک نہیں ہو سکا جو آپؐ نے مشرکوں سے کی ہے۔ اگر اللہ نے مشرکوں سے جنگ میں مجھے شریک کیا تو پھر اللہ بھی ضرور دیکھ لے گا کہ میں کیا کروں گا۔ جب اُحد کی جنگ ہوئی اور مسلمان میدانِ جنگ سے ہٹ گئے تو انہوں نے کہا: اے اللہ! جو میرے ان (مسلمان) ساتھیوں نے کیا ہے میں تیرے حضور اس کی معذرت کرتا ہوں اور جو ان مشرکوں نے کیا ہے میں اس سے تیرے حضور بیزاری کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر وہ (جنگ کے لئے) آگے بڑھے تو حضرت سعد بن معاذؓ ان کو سامنے سے ملے۔ تب (حضرت انس بن نضرؓ نے حضرت سعد بن معاذؓ سے) کہا: اے سعد بن معاذؓ! میں تو بہشت میں داخل ہونا چاہتا ہوں۔ نضر کے ربّ کی قسم! میں تو اُحد کے پاس اس کی خوشبو پارہا ہوں۔ سعدؓ کہتے تھے: یا رسول اللہ! پھر جو کچھ انہوں نے کیا میں نہ کر سکا۔ حضرت انس (بن مالکؓ) کہتے تھے: ہم نے ان کے بدن پر اَسی سے کچھ اوپر نشان دیکھے جو بعض تلوار کے تھے اور بعض برچھی کے زخم تھے اور بعض تیر کے اور ہم نے ان کو دیکھا کہ وہ ایسی حالت میں قتل کئے گئے ہیں کہ مشرکوں نے ان کی ناک، کان، ہاتھ اور پائوں سب کاٹ ڈالے۔ حتیٰ کہ ان کو کوئی نہ پہچان سکا سوائے ان کی بہن کے جس نے ان کی انگلیاں دیکھ کر پہچانا۔ حضرت انس (بن مالکؓ) کہتے تھے: ہم سمجھتے تھے یا (کہا) ہم خیال کرتے تھے کہ یہ آیت حضرت انس بن نضرؓ یا ان جیسے دوسرے مومنوں کے بارے میں نازل ہوئی۔ یعنی وہ ایسے مرد ہیں کہ جو عہد انہوں نے اللہ سے کیا تھا اس کو سچا کر دکھایا…
صحیح بخاری 2806
اور (حضرت انس بن مالکؓ) یہ بھی کہتے تھے کہ ان کی بہن نے جس کا نام رُبَیّع تھا ایک عورت کا دانت توڑ دیا تھا اور رسول اللہ ﷺ نے قصاص لینے کا فیصلہ فرمایا تو حضرت انس (بن نضرؓ) نے کہا تھا: یا رسول اللہ! اس ذات کی قسم جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے اس کا دانت نہیں توڑا جائے گا۔ چنانچہ اس عورت کے رشتہ دار دیت پر راضی ہوگئے اور انہوں نے قصاص چھوڑ دیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کے بندوں میں سے ایسے بھی ہوتے ہیں کہ اگر وہ اللہ کی قسم کھا بیٹھیں تو وہ ان کی قسم کو ضرور پورا کر دیتا ہے۔
صحیح بخاری 2807
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز اسماعیل (بن ابی اویس) نے مجھ سے بیان کیا، کہا: مجھ سے میرے بھائی (ابوبکر) نے ذکر کیا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے روایت کی۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے خارجہ بن زید سے روایت کی کہ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے کئی ورقوں سے نقل کرکے قرآنِ مجید جمع کیا اور مجھے سورئہ احزاب کی ایک آیت نہ ملی جو میں رسول اللہ ﷺ کو پڑھتے سنا کرتا تھا۔ میں نے اسے خزیمہ بن ثابت انصاریؓ کے سوا اور کہیں نہ پایا۔ صرف انہی کے پاس تھی اور ان کی شہادت کو رسول اللہ ﷺ نے دو مردوں کی شہادت کے برابر قرار دیا تھا اور وہ یہ آیت تھی: مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ رِجَالٌ۔۔۔۔ {مومنوں میں سے ایسے مرد ہیں جنہوں نے جس بات پر اللہ سے عہد کیا تھا اسے سچا کر دکھایا۔}