کتاب 19: بَابُ فَضْلِ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَلاَ تَحْسِبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ فَرِحِينَ بِمَا آتَاهُمُ اللَّهُ مِنْ فَضْلِهِ وَيَسْتَبْشِرُونَ بِالَّذِينَ لَمْ يَلْحَقُوا بِهِمْ مِنْ خَلْفِهِمْ أَنْ لاَ خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلاَ هُمْ يَحْزَنُونَ يَسْتَبْشِرُونَ بِنِعْمَةٍ مِنَ اللَّهِ وَفَضْلٍ وَأَنَّ اللَّهَ لاَ يُضِيعُ أَجْرَ الْمُؤْمِنِينَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2814
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ان لوگوں کے خلاف جنہوں نے بئر معونہ والوں (یعنی ستر قاریوں) کو مار ڈالا تھا، تیس دن تک صبح کے وقت دعا کی۔ یعنی رعل، ذکوان اور عصیہ پر۔ ان (قبیلوں) نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ان لوگوں کے بارے میں جو بئر معونہ میں قتل کئے گئے قرآن نازل ہوا تھا۔ ہم اسے پڑھتے رہے پھر اس کے بعد ترک ہوگیا۔ یعنی یہ کہ ہماری قوم کو یہ بات پہنچا دو کہ ہم اپنے ربّ سے آ ملے ہیں وہ ہم سے راضی ہوا ہم اس سے راضی ہوگئے۔
صحیح بخاری 2815
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: اُحد کی جنگ میں کچھ لوگوں نے ایک صبح شراب پی۔ پھر وہ میدانِ جنگ میں ہی قتل کئے گئے۔ سفیان سے پوچھا گیا: کیا (یہ الفاظ روایت میں ہیں کہ) اس دن پچھلے وقت میں (قتل ہوئے؟) انہوں نے کہا: یہ تو اس روایت میں نہیں۔