کتاب 24: باب الشَّجَاعَةِ فِي الْحَرْبِ وَالْجُبْنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2820
احمد بن عبدالملک بن واقد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سب لوگوں سے زیادہ خوبصورت اور سب سے زیادہ بہادر اور سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ اہل مدینہ گھبرا اُٹھے تو نبی ﷺ گھوڑے پر سوار ہوکر ان سب سے آگے گئے اور آپؐ نے فرمایا: ہم نے اس گھوڑے کو ٹھاٹھیں مارتا ہوا دریا پایا۔
صحیح بخاری 2821
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر بن محمد بن جبیر بن مطعم نے مجھے بتایا۔ محمد بن جبیر نے کہا: مجھے (میرے والد) حضرت جبیر بن مطعمؓ نے خبر دی کہ ایک بار وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ جا رہے تھے اور آپؐ کے ساتھ اور لوگ بھی تھے۔ یہ واقعہ اس وقت کا ہے جبکہ آپؐ حنین سے واپس آ رہے تھے۔ بعض (بدوی) لوگ راستے ہی میں آپؐ سے لپٹ گئے اور آپؐ سے مانگنے لگے۔ انہوں نے آپؐ کو اتنا مجبور کیا کہ آپؐ کو ایک ببول کے درخت کی طرف ہٹنا پڑا۔ جس سے آپؐ کی چادر اٹک گئی اور نبی ﷺ ٹھہر گئے اور آپؐ نے فرمایا: مجھے میری چادر دے دو۔ اگر میرے پاس ان کانٹے دار درختوں کی تعداد میں بیل، بکری، اونٹ ہوتے تو میں ضرور ان کو تمہارے درمیان بانٹ دیتا اور تم مجھے بخیل نہ پاتے اور نہ جھوٹا اور نہ بزدل۔