کتاب 28: باب الْكَافِرِ يَقْتُلُ الْمُسْلِمَ ثُمَّ يُسْلِمُ فَيُسَدِّدُ بَعْدُ وَيُقْتَلُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2826
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ دو آدمیوں کو دیکھ کر خوش ہوگا جن میں سے ایک دوسرے کا قاتل ہوگا اور دونوں جنت میں داخل ہوں گے۔ ایک تو اس لئے کہ اللہ کی راہ میں لڑتا ہوا مارا گیا۔ اس کے بعد اللہ قاتل کی توبہ قبول کر لے اور وہ بھی جہاد کرتا ہوا مارا جائے۔
صحیح بخاری 2827
حمیدی (عبداللہ بن زبیر ابوبکر) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عنبسہ بن سعید (اموی) نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ خیبر میں تھے جبکہ صحابہ اسے فتح کر چکے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے بھی حصہ دیں۔ سعید بن عاص کے ایک بیٹے نے کہا: یا رسول اللہ! اسے حصہ نہ دیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: یہ (نعمان) بن قوقل کا قاتل ہے۔ ابن سعید بن عاص نے کہا: اس جانور پر تعجب ہے ہم پر اکڑتا ہے۔ ابھی ضأن پہاڑی کی چوٹی پر سے بکریاں چراتا ہمارے پاس آ گیا ہے مجھ پر عیب لگاتا ہے کہ میں نے ایک مسلمان مرد کو قتل کر دیا تھا جس کو اللہ نے میرے ہاتھ سے عزت دی اور مجھے اس کے ہاتھوں رسوا نہیں کیا۔ سفیان کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ آپؐ نے ان کو حصہ دیا یا نہیں۔ سفیان نے کہا: یہ حدیث (عمرو بن یحيٰ) سعیدی نے مجھ سے روایت کی۔ انہوں نے اپنے دادا سے، ان کے دادا نے حضرت ابوہریرہؓ سے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یہ سعیدی عمرو بن یحيٰ بن سعید بن عمرو بن سعید بن عاص ہیں۔