کتاب 34: باب حَفْرِ الْخَنْدَقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2835
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو) نے ہمیں بتایا۔ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مہاجر اور انصار مدینہ کے اِرد گرد خندق کھودنے لگے وہ اپنی پیٹھوں پر مٹی ڈھوتے تھے اور یہ (شعر) بھی پڑھتے جاتے تھے: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمد ﷺ سے بیعت کی ہے کہ جب تک ہم زندہ رہیں گے ہمیشہ اسلام پر قائم رہیں گے اور نبی ﷺ انہیں جواب دیتے اور یہ (شعر) پڑھتے: اصل فائدہ تو آخرت کا فائدہ ہی ہے اے اللہ انصار اور مہاجرین ہر دو کو برکت عطا کر
صحیح بخاری 2836
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: (غزوئہ احزاب میں) نبی ﷺ مٹی ڈھو رہے تھے اور آپؐ یہ (شعر) پڑھتے تھے: اگر تو نہ ہوتا تو ہم ہدایت نہ پاتے۔
صحیح بخاری 2837
حفص بن عمر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابو اسحق نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو جنگ احزاب میں دیکھا کہ آپؐ خود مٹی ڈھو رہے تھے اور مٹی نے آپؐ کے پیٹ کی سفیدی کو چھپا لیا تھا اور آپؐ یہ (شعر) پڑھتے تھے: اگر تو نہ ہوتا تو ہم بھی ہدایت نہ پاتے اور نہ صدقات دیتے اور نہ نمازیں پڑھتے ہم پر سکینت نازل فرما اور اگر دشمن سے بھاری مقابلہ ہو جائے تو ہمارے قدم مضبوط رکھ۔ انہوں نے ہم پر ظلم کیا ہے جب کبھی وہ کسی فتنے کا ارادہ کرتے ہیں تو ہم اس کا انکار ہی کرتے رہے ہیں۔