کتاب 37: باب فَضْلِ النَّفَقَةِ فِي سَبِيلِ اللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2841
سعد بن حفص نے مجھ سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ایک جوڑا اللہ کی راہ میں (کسی چیز کا) خرچ کیا تو جنت کے محافظ اس کو بلائیں گے۔ ہر دروازہ کا محافظ کہے گا: اے فلاں! اِدھر سے آئو، اِدھر سے آئو۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ شخص تو کسی بھی دروازے سے جائے، اسے کوئی نقصان نہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں ضرور امید کرتا ہوں کہ آپؓ بھی ان میں سے ہوں گے۔
صحیح بخاری 2842
محمد بن سنان نے ہمیں بتایا کہ فلیح نے ہم سے بیان کیا کہ ہلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: میں اپنے پیچھے جس بات سے تمہارے لئے ڈرتا ہوں وہ یہ ہے کہ زمین کی برکتیں تمہارے لئے کھول دی جائیں گی۔ پھر آپؐ نے دنیا کی آرائش کا بیان کیا۔ آپؐ نے ایک بات بیان کی اور پھر دوسری۔ اس پر ایک آدمی کھڑا ہوا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! کیا خیر شر لے کر آئے گا؟ نبی ﷺ خاموش رہے، اُسے جواب نہ دیا۔ ہم سمجھے کہ آپؐ کو وحی ہو رہی ہے اور لوگ ساکت رہے گویا کہ ان کے سروں پر پرندے بیٹھے ہیں۔ پھر آپؐ نے اپنے چہرہ سے پسینہ پونچھا اور فرمایا: کہاں ہے وہ شخص جو ابھی پوچھ رہا تھا (کہ کیا خیر بھی شر لائے گا؟) حضورؐ نے تین دفعہ یہ فرمایا: (پھر فرمایا:) بھلائی تو بھلائی ہی کو لاتی ہے مگر یہ تو دیکھو کہ جب موسم بہار میں گھاس اُگتی ہے تو وہ اس (جانور) کو مار ڈالتی ہے یا مرنے کے قریب کر دیتی ہے جسے کھانے سے اپھارہ ہو جاتا ہے۔ مگر وہ (جانور) جو ہری گھاس کھاتا ہے اور جب اس کی دونوں کوکھیں بھر جاتی ہیں تو وہ سورج کے سامنے جا کھڑا ہوتا ہے اور بول و براز کرتا ہے۔ پھر چرتا پھرتا ہے (تو وہ بچ جاتا ہے) دیکھو یہ مال بھی ہرا بھرا اور میٹھا ہے اور مسلمان کا اچھا رفیق ہے خصوصاً اس کا جس نے اس کو جائز طریق سے لیا اور اسے اللہ کی راہ میں اور یتیموں اور مسکینوں کے لئے خرچ کر دیا اور جس نے اس کو اس کے صحیح طریقہ سے نہ لیا تو وہ اس (بیمار) پیٹو کھانے والے کی طرح ہے جو سیر نہیں ہوتا اور وہ مال اس کے خلاف قیامت کے دن گواہ ہوگا۔