کتاب 38: باب فَضْلِ مَنْ جَهَّزَ غَازِيًا أَوْ خَلَفَهُ بِخَيْرٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2843
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الوارث نے ہمیں بتایا کہ حسین (بن ذکوان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ (بن ابی کثیر) نے مجھ سے بیان کیا، کہا: ابو سلمہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بسر بن سعید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت زید بن خالد رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کی راہ میں کسی غازی کو ساز و سامان سے تیار کیا تو گویا خود ہی جنگ کے لئے نکلا اور جس شخص نے اللہ کی راہ میں کسی غازی کی اچھی جانشینی کی تو گویا وہ خود بھی جنگ کے لئے نکلا۔
صحیح بخاری 2844
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ سے، اسحق نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ مدینہ کے کسی گھر نہیں جایا کرتے تھے سوائے اُمّ سُلَیمؓ کے یا اپنی ازواج کے گھر کے۔ آپؐ سے پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: مجھے اس پر رحم آتا ہے۔ اس کا بھائی (حرام بن ملحانؓ) میری معیت میں مارا گیا۔