کتاب 39: باب التَّحَنُّطِ عِنْدَ الْقِتَالِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2845
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہمیں بتایا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن انس سے روایت ہے۔ وہ یمامہ کی جنگ کا ذکر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت انس بن مالکؓ حضرت ثابت بن قیسؓ کے پاس آئے۔ حضرت ثابتؓ نے اپنی رانوں سے کپڑا ہٹایا ہوا تھا اور وہ حنوط لگا رہے تھے۔ انہوں نے کہا: چچا کس بات نے آپؓ کو روک رکھا ہے کہ نہیں آتے؟ انہوں نے کہا: میرے بھتیجے ابھی آتا ہوں اور وہ حنوط لگانے لگے۔ یعنی وہ خوشبو جو مُردوں کو لگائی جاتی ہے۔ پھر وہ آئے اور بیٹھ گئے۔ حضرت انسؓ نے اس حدیث میں بیان کیا ہے کہ لوگوں کی طرف سے جنگ میں کچھ کمزوری کا اظہار ہوا اور وہ پسپا ہونے لگے تو حضرت ثابتؓ نے کہا: ہمارے سامنے سے ہٹ جاؤ کہ ہم ان لوگوں کا مقابلہ کریں۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہو کر اس طرح نہیں لڑا کرتے تھے۔ تم نے اپنے مدمقابل کے لوگوں کی عادت کیسی بگاڑ دی ہے۔ اس حدیث کو حماد نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کیا۔