کتاب 46: باب اسْمِ الْفَرَسِ وَالْحِمَارِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 2854

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبِي بَكْرٍ حَدَّثَنَا فُضَيْلُ بْنُ سُلَيْمَانَ عَنْ أَبِي حَازِمٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي قَتَادَةَ عَنْ أَبِيهِ أَنَّهُ خَرَجَ مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَتَخَلَّفَ أَبُو قَتَادَةَ مَعَ بَعْضِ أَصْحَابِهِ وَهُمْ مُحْرِمُونَ وَهْوَ غَيْرُ مُحْرِمٍ فَرَأَوْا حِمَارًا وَحْشِيًّا قَبْلَ أَنْ يَرَاهُ فَلَمَّا رَأَوْهُ تَرَكُوهُ حَتَّى رَآهُ أَبُو قَتَادَةَ فَرَكِبَ فَرَسًا لَهُ يُقَالُ لَهُ الْجَرَادَةُ فَسَأَلَهُمْ أَنْ يُنَاوِلُوهُ سَوْطَهُ فَأَبَوْا فَتَنَاوَلَهُ فَحَمَلَ فَعَقَرَهُ ثُمَّ أَكَلَ فَأَكَلُوا فَنَدِمُوا فَلَمَّا أَدْرَكُوهُ قَالَ " هَلْ مَعَكُمْ مِنْهُ شَىْءٌ ". قَالَ مَعَنَا رِجْلُهُ فَأَخَذَهَا النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَأَكَلَهَا.

محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ (ایک سفر میں) نکلے اور حضرت ابوقتادہؓ اپنے بعض ساتھیوں کے ساتھ پیچھے رہ گئے۔ ان کے ساتھی تو احرام باندھے ہوئے تھے مگر وہ خود محرم نہ تھے۔ ان کے ساتھیوں نے ایک گورخر دیکھا پیشتر اس کے کہ حضرت ابوقتادہؓ اسے دیکھتے۔ جب ان کے ساتھیوں نے اسے دیکھا تو اس کی طرف توجہ نہیں کی۔ مگر جب حضرت ابوقتادہؓ نے اسے دیکھا تو وہ اپنے گھوڑے پر سوار ہوگئے جسے جرادہ کہتے تھے۔ حضرت ابوقتادہؓ نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ ان کا کوڑا تو ان کو دے دیں۔ انہوں نے انکار کیا تو انہوں نے خود ہی لے لیا اور حملہ کرکے اسے شکار کرلیا۔ حضرت ابوقتادہؓ نے بھی کھایا اور ان کے ساتھیوں نے بھی کھایا اور اس کے بعد وہ آئے اور آنحضرت ﷺ سے ملے تو آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے پاس اس میں سے کچھ ہے؟ حضرت ابوقتادہؓ نے کہا: اس کی ایک ران ہے تو نبی ﷺ نے وہ لے لی اور اس میں سے کھایا۔

صحیح بخاری 2855

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ جَعْفَرٍ حَدَّثَنَا مَعْنُ بْنُ عِيسَى حَدَّثَنَا أُبَىُّ بْنُ عَبَّاسِ بْنِ سَهْلٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ جَدِّهِ قَالَ كَانَ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فِي حَائِطِنَا فَرَسٌ يُقَالُ لَهُ اللُّحَيْفُ.قَالَ أَبُو عَبْد اللَّهِ وَقَالَ بَعْضُهُمُ اللُّخَيْفُ

علی بن عبداللہ بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ معن بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ اُبیَّ بن عباس بن سہل نے مجھ بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا (حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا ایک گھوڑا ہمارے باغ میں تھا جسے لُحَیف کہتے تھے۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور ان میں سے بعض نے کہا: لُخَیف۔

صحیح بخاری 2856

حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ سَمِعَ يَحْيَى بْنَ آدَمَ حَدَّثَنَا أَبُو الأَحْوَصِ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ عَنْ عَمْرِو بْنِ مَيْمُونٍ عَنْ مُعَاذٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كُنْتُ رِدْفَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم عَلَى حِمَارٍ يُقَالُ لَهُ عُفَيْرٌ فَقَالَ " يَا مُعَاذُ هَلْ تَدْرِي حَقَّ اللَّهِ عَلَى عِبَادِهِ وَمَا حَقُّ الْعِبَادِ عَلَى اللَّهِ ". قُلْتُ اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ. قَالَ " فَإِنَّ حَقَّ اللَّهِ عَلَى الْعِبَادِ أَنْ يَعْبُدُوهُ وَلاَ يُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا وَحَقَّ الْعِبَادِ عَلَى اللَّهِ أَنْ لاَ يُعَذِّبَ مَنْ لاَ يُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا ". فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَفَلاَ أُبَشِّرُ بِهِ النَّاسَ قَالَ " لاَ تُبَشِّرْهُمْ فَيَتَّكِلُوا ".

اسحق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے یحيٰ بن آدم سے سنا۔ (یحيٰ نے کہا:) ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابواسحق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت معاذ (بن جبل) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پیچھے ایک گدھے پر سوار تھا۔ جسے عُفَیر کہتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: معاذ! کیا تم جانتے ہو جو اللہ کا حق اس کے بندوں پر ہے اور جو بندوں کا حق اللہ پر ہے؟ میں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا حق تو بندوں پر یہ ہے کہ وہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور بندوں کا حق اللہ پر یہ ہے کہ وہ ان کو سزا نہ دے جو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں لوگوں کو اس بات کی خبر نہ دوں؟ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کرو ورنہ وہ بھروسہ کر بیٹھیں گے (اور دوسرے اعمالِ خیر میں کوشش کم کر دیں گے۔)

صحیح بخاری 2857

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ سَمِعْتُ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كَانَ فَزَعٌ بِالْمَدِينَةِ فَاسْتَعَارَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَرَسًا لَنَا يُقَالُ لَهُ مَنْدُوبٌ. فَقَالَ " مَا رَأَيْنَا مِنْ فَزَعٍ وَإِنْ وَجَدْنَاهُ لَبَحْرًا ".

محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (کہا:) میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ انہوں نے کہا: مدینہ میں گھبراہٹ ہوئی تو نبی ﷺ نے ہمارا ایک گھوڑا مستعار لیا جسے مندوب کہتے تھے۔ (پھر اس پر سوار ہو کر باہر گئے اور واپس تشریف لائے) آپؐ نے فرمایا: ہم نے کوئی گھبراہٹ کی بات نہیں دیکھی اور ہم نے اس گھوڑے کو دریا پایا ہے۔

10 von 10 heute frei