کتاب 49: باب مَنْ ضَرَبَ دَابَّةَ غَيْرِهِ فِي الْغَزْوِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 2861

حَدَّثَنَا مُسْلِمٌ حَدَّثَنَا أَبُو عَقِيلٍ حَدَّثَنَا أَبُو الْمُتَوَكِّلِ النَّاجِيُّ قَالَ أَتَيْتُ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ الأَنْصَارِيَّ فَقُلْتُ لَهُ حَدِّثْنِي بِمَا سَمِعْتَ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ سَافَرْتُ مَعَهُ فِي بَعْضِ أَسْفَارِهِ ـ قَالَ أَبُو عَقِيلٍ لاَ أَدْرِي غَزْوَةً أَوْ عُمْرَةً ـ فَلَمَّا أَنْ أَقْبَلْنَا قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مَنْ أَحَبَّ أَنْ يَتَعَجَّلَ إِلَى أَهْلِهِ فَلْيُعَجِّلْ ". قَالَ جَابِرٌ فَأَقْبَلْنَا وَأَنَا عَلَى جَمَلٍ لِي أَرْمَكَ لَيْسَ فِيهِ شِيَةٌ وَالنَّاسُ خَلْفِي فَبَيْنَا أَنَا كَذَلِكَ إِذْ قَامَ عَلَىَّ فَقَالَ لِي النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " يَا جَابِرُ اسْتَمْسِكْ ". فَضَرَبَهُ بِسَوْطِهِ ضَرْبَةً فَوَثَبَ الْبَعِيرُ مَكَانَهُ. فَقَالَ " أَتَبِيعُ الْجَمَلَ ". قُلْتُ نَعَمْ. فَلَمَّا قَدِمْنَا الْمَدِينَةَ وَدَخَلَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم الْمَسْجِدَ فِي طَوَائِفِ أَصْحَابِهِ فَدَخَلْتُ إِلَيْهِ وَعَقَلْتُ الْجَمَلَ فِي نَاحِيَةِ الْبَلاَطِ. فَقُلْتُ لَهُ هَذَا جَمَلُكَ. فَخَرَجَ فَجَعَلَ يُطِيفُ بِالْجَمَلِ وَيَقُولُ " الْجَمَلُ جَمَلُنَا ". فَبَعَثَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم أَوَاقٍ مِنْ ذَهَبٍ فَقَالَ " أَعْطُوهَا جَابِرًا ". ثُمَّ قَالَ " اسْتَوْفَيْتَ الثَّمَنَ ". قُلْتُ نَعَمْ. قَالَ " الثَّمَنُ وَالْجَمَلُ لَكَ ".

مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعقیل (بشیر بن عقبہ) نے ہمیں بتایا کہ ابوالمتوکل ناجی (علی بن دائود) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ کے پاس آیا اور ان سے کہا: آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے جو بات سنی ہو بیان کریں۔ حضرت جابرؓ نے کہا: میں ایک سفر میں آپؐ کے ساتھ تھا۔ ابوعقیل (راوی) کہتے تھے: میں نہیں جانتا سفر جنگ کا تھا یا عمرہ کا۔ جب ہم (مدینہ کی طرف) لوٹے تو نبی ﷺ نے فرمایا: جو اپنے گھر والوں کے پاس جلدی جانا چاہتا ہو وہ جلدی چلا جائے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: (یہ سن کر) ہم (جلدی) چلے اور میں اپنے ایک اونٹ پر سوار تھا جس کا رنگ خاکی تھا؛ کوئی داغ نہ تھا اور لوگ میرے پیچھے تھے۔ میں اسی طرح جا رہا تھا کہ وہ اونٹ اَڑ گیا۔ میرے چلانے سے نہ چلا تو نبی ﷺ نے مجھ سے کہا: جابر اسے تھامو۔ یہ کہہ کر آپؐ نے اس کو اپنے کوڑے کی ایک ضرب لگائی تو وہ اونٹ اپنی جگہ سے کود کر چل پڑا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا اس اونٹ کو بیچتے ہو؟ میں نے کہا: جی ہاں بیچتا ہوں۔ جب ہم مدینہ پہنچے اور نبی ﷺ اپنے کئی صحابہ کے ساتھ مسجد میں داخل ہوئے تو میں بھی آپؐ کے ساتھ گیا اور اس اونٹ کو مسجد کے سامنے پتھر کے فرش کے ایک کونے میں باندھ دیا اور میں نے آپؐ سے کہا: یہ آپؐ کا اونٹ ہے۔ آپؐ باہر نکلے اور اس اونٹ کے اردگرد پِھر کر فرمایا: یہ اونٹ ہمارا اونٹ ہے۔ نبی ﷺ نے سونے کے کئی اوقئے بھیجے اور فرمایا: یہ جابر کو دے دو۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے قیمت پوری کی پوری لے لی ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ قیمت اور یہ اونٹ تمہارا ہے۔

10 von 10 heute frei