کتاب 61: باب بَغْلَةِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم الْبَيْضَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2873
عمرو بن علی نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابواسحق نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عمرو بن حارثؓ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے کوئی ترکہ نہیں چھوڑا سوائے اپنی سفید خچر کے اور اپنے چند ہتھیاروں کے اور کچھ زمین کے، وہ بھی آپؐ بطور صدقہ چھوڑ گئے۔
صحیح بخاری 2874
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابواسحق نے مجھے بتایا کہ حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے ایک شخص نے کہا: ابوعمارہ! حُنَین کی جنگ میں تم پیٹھ پھر کر چل دئیے تھے۔ انہوں نے کہا: نہیں اللہ کی قسم! نبی ﷺ نے پیٹھ نہیں پھیری۔ بلکہ جلد باز لوگوں نے پیٹھ پھیری تھی۔ ہوازن نے ان کا تیروں سے مقابلہ کیا اور نبی ﷺ اپنی سفید خچر پر سوار تھے۔ ابوسفیانؓ بن حارث اس کی لگام پکڑے ہوئے تھے اور نبی ﷺ یہ (شعر) پڑھ رہے تھے: میں موعود نبی ہوں اس میں جھوٹ نہیں میں عبد المطلب کا بیٹا ہوں