کتاب 70: باب الْحِرَاسَةِ فِي الْغَزْوِ فِي سَبِيلِ اللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2885
اسماعیل بن خلیل نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) عبداللہ بن عامر بن ربیعہ نے ہمیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو کہتے سنا۔ نبی ﷺ رات کو جاگا کرتے تھے۔ جب آپؐ مدینہ میں آئے تو آپؐ نے فرمایا: کاش کہ میرے ساتھیوں میں سے کوئی نیک شخص آج رات میرا پہرہ دے۔ اتنے میں ہم نے ہتھیار کی آواز سنی۔ آپؐ نے پوچھا: کون ہے؟ انہوں نے کہا: سعد بن ابی وقاص ہوں۔ میں آپؐ کا پہرہ دینے کے لئے آیا ہوں۔ پھر نبی ﷺ سو گئے۔
صحیح بخاری 2886
یحيٰ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحصین سے، ابوحصین نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہ ؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا ہی بد بخت ہے درہم و دینار کا بندہ اور چادر اور کمبل والا بندہ، اگر اسے دیا جائے تو خوش ہو اور اگر نہ دیا جائے تو ناخوش۔ اور اسرائیل (بن یونس) اور محمد بن جحادہ نے یہ حدیث (عثمان بن عاصم) ابوحصین سے مرفوعاً نہیں موقوف روایت کی۔
صحیح بخاری 2887
اور عمرو (ابن مرزوق) نے سند میں زیادہ ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں خبر دی کہ ان کے باپ سے مروی ہے۔ انہوں نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، انہوں نے نبی کریم ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بدبخت ہے درہم و دینار کا بندہ اور کمبل والا بندہ۔ اگر اسے دیا جائے تو خوش ہے اور نہ دیا جائے تو ناراض۔ بدنصیب ہوا اور خائب و خاسر ہوا اور اگر کسی کے کانٹا لگے تو نہ نکالے۔ خوش نصیب ہے وہ بندہ جو اللہ کی راہ میں اپنے گھوڑے کی باگ تھامے تیار رہے، سر پراگندہ ہو اور پائوں غبار آلودہ، اگر وہ پہرے پر مقرر ہو تو پہرہ دے رہا ہو اور اگر فوج کے پچھلے حصہ میں ہو تو پچھلے حصہ میں رہے۔ اگر وہ اندر آنے کی اجازت مانگے تو اسے اجازت نہ دی جائے۔ اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول نہ کی جائے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اسرائیل اور محمد بن جحادہ نے یہ حدیث ابوحصین سے مرفوعاً روایت نہیں کی۔ اور اللہ تعالیٰ کے قول فَتَعْسًا سے یہ مراد ہے کہ اللہ ان کو سرنگوں کر دے۔ طُوْبٰی فُعْلٰی کا وزن ہے۔ یعنی نہایت پاکیزہ ترین شئے جو خوش گوار ہو لفظ طِیْب کی یاء واؤ میں تبدیل کی گئی اور یہ طَابَ یَطِیْبُ سے مشتق ہے۔