کتاب 71: باب فَضْلِ الْخِدْمَةِ فِي الْغَزْوِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2888
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس بن عُبَید سے، یونس نے ثابت بُنانی سے، ثابت نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں جریر بن عبداللہ (بجلیؓ) کے ساتھ رہا ہوں۔ وہ میری خدمت کیا کرتے تھے۔ بحالیکہ وہ حضرت انسؓ سے بڑے تھے۔ جریرؓ کہتے تھے: میں نے انصار کو ایک بات کرتے دیکھا (یعنی تعظیم رسول اللہ ﷺ) میں جب بھی ان میں سے کسی کو پاتا ہوں تو ضرور تعظیم سے پیش آتا ہوں۔
صحیح بخاری 2889
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عمر بن ابی عمرو سے جو کہ مُطَّلِب بن حَنْطَب کے آزاد کردہ غلام تھے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خیبر کو گیا۔ میں آپؐ کی خدمت کرتا تھا۔ جب نبی ﷺ لوٹ کر مدینہ کے قریب پہنچے اور آپؐ کو سامنے سے اُحد پہاڑ دکھائی دیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ وہ پہاڑ ہے جو ہمیں پیارا ہے اور ہم اس کو پیارے ہیں پھر آپؐ نے مدینہ کی طرف اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا اور کہا: اے میرے اللہ! اس (مدینہ) کے دو پتھریلے کناروں میں جو جگہ ہے میں اس کو حرم قرار دیتا ہوں جیسا کہ ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا ہے۔ اے اللہ! ہمارے صاع اور ہمارے مُدّ میں برکت ڈال۔
صحیح بخاری 2890
سلیمان بن دائود ابوالربیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن زکریا سے روایت کی کہ عاصم نے انہیں بتایا۔ انہوں نے مُوَرِّق عِجْلی سے، مُوَرِّق نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم (ایک سفر میں) نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ ہم میں سے کوئی اپنے اوپر سایہ کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ یوں کرلیتا کہ ایک کمبل اپنے سر پر تان لیتا اور جو لوگ روزے سے تھے انہوں نے کوئی کام نہ کیا اور جو روزے سے نہیں تھے انہوں نے سواریوں کو اُٹھایا اور پانی پلایا اور کام کاج کیا اور خدمت کی تو نبی ﷺ نے فرمایا: جو روزے سے نہیں تھے وہ آج سارا ثواب لے گئے۔