کتاب 80: باب الْمِجَنِّ وَمَنْ يَتَتَرَّسُ بِتُرْسِ صَاحِبِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2902
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت ابوطلحہؓ ایک ہی ڈھال سے نبی ﷺ کی حفاظت کے ساتھ اپنا بھی بچائو کرتے تھے اور حضرت ابوطلحہؓ اچھے تیر انداز تھے۔ جب وہ تیر چلاتے تو نبی ﷺ جھانکتے اور ان کے تیر پڑنے کی جگہ دیکھتے۔
صحیح بخاری 2903
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل (بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ کا خَود جو آپؐ پہنے تھے ٹوٹ گیا۔ آپؐ کا چہرہ زخم سے خون آلودہ تھا اور آپؐ کا سامنے کا درمیانی دانت بھی ٹوٹ گیا اور حضرت علیؓ ڈھال میں بار بار پانی لاتے تھے اور حضرت فاطمہؓ آپؐ کے زخم کو دھوتی تھیں۔ جب حضرت فاطمہؓ نے دیکھا کہ پانی ڈالنے سے خون زیادہ بہہ رہا ہے تو وہ ایک بورئیے کی طرف لپکیں اور اسے جلا یا اور آپؐ کے زخم پر اسے چمٹا دیا تو خون تھم گیا۔
صحیح بخاری 2904
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے زُہری سے، زُہری نے مالک بن اَوس بن حدثان سے، مالک نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: بنی نضیر کی جائیدادیں ان غنیمتوں میں سے تھیں جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو بن لڑے لادیں۔ یعنی ان کے حاصل کرنے کے لئے مسلمانوں نے نہ گھوڑے دوڑائے نہ اونٹ اور یہ خاص رسول اللہ ﷺ کے لئے تھیں اور آپؐ ان میں سے اپنی بیویوں کو سالانہ خرچ دیا کرتے تھے۔ پھر جو بچتا وہ ہتھیار اور جانوروں کے خریدنے پر خرچ کرتے جو اللہ کی راہ میں ساز و سامان کے طور پر استعمال کیا جاتا۔
صحیح بخاری 2905
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سعد بن ابراہیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن شداد سے، عبداللہ نے حضرت علیؓ سے روایت کی۔ (دوسری سند) قبیصہ (بن عقبہ) نے بھی ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبداللہ بن شداد نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے حضرت سعدؓ کے بعد کسی شخص کی نسبت یہ کہا ہو کہ میرے ماں باپ یا میری جان اس پر قربان ہو۔ آپؐ انہی سے کہتے تھے: تیر چلائو۔ میرے ماں باپ تم پر قربان۔