کتاب 81: باب الدَّرَقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2906
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا کہ عمرو (بن حارث) نے کہا: ابوالاسود نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ میرے ہاں آئے جبکہ میرے پاس دو لڑکیاں بعاث کا گیت گا رہی تھیں۔ آپؐ بچھونے پر لیٹ گئے اور اپنے منہ کو ایک طرف کرلیا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آئے۔ انہوں نے مجھے جھڑکا اور کہنے لگے: شیطان کی بنسریاں رسول اللہ ﷺ کے ہاں۔ رسول اللہ ﷺ ان کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: انہیں رہنے دو۔ جب حضرت ابوبکرؓ کام میں مشغول ہوئے۔ میں نے ان دونوں لڑکیوں کو اشارہ کیا، وہ باہر چلی گئیں۔
صحیح بخاری 2907
حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: وہ عید کا دن تھا۔ حبشی ڈھال اور برچھوں سے کھیل رہے تھے۔ یا تو میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا یا آپؐ نے فرمایا: تم چاہتی ہو کہ تم دیکھو؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے مجھے اپنے پیچھے کھڑا کیا۔ میرا رخسار آپؐ کے رخسار کے قریب تھا۔ آپؐ فرما رہے تھے: بنی ارفدہ چلو شروع کرو۔ جب میں اُکتا گئی تو آپؐ نے فرمایا: بس؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا جائو۔ ابوعبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: احمد (بن ابی صالح) نے ابن وہب سے فَلَمَّا عَمِلَ کی بجائے یوں نقل کیا ہے: فَلَمَّا غَفَلَ یعنی جب حضرت ابوبکرؓ اپنے دھیان میں لگ گئے۔