کتاب 84: باب مَنْ عَلَّقَ سَيْفَهُ بِالشَّجَرِ فِي السَّفَرِ عِنْدَ الْقَائِلَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2910
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سنان بن ابی سنان دئولی اور ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نجد کی طرف جنگ کے لئے نکلے۔ جب رسول اللہ ﷺ لوٹے تو وہ بھی آپؐ کے ساتھ لوٹے۔ آپؐ کو ایک وادی میں جس میں کثرت سے ببول کے درخت تھے دوپہر آگئی۔ رسول اللہ ﷺ اُتر پڑے اور لوگ اِدھر اُدھر بکھر کر درختوں کے سائے میں چلے گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے ایک ببول کے نیچے ڈیرہ لگایا اور اپنی تلوار اس سے لٹکا دی اور ہم تھوڑی دیر کے لئے سو گئے۔ تو کیا دیکھتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہمیں بلا رہے ہیں اور آپؐ کے پاس ایک بدوی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس شخص نے میری تلوار مجھ پر سونت لی، جبکہ میں سو رہا تھا۔ میں جاگ اُٹھا اور وہ تلوار اس کے ہاتھ میں ننگی تھی۔ اس نے کہا: مجھ سے تمہیں کون بچائے گا؟ میں نے تین بار کہا: اللہ۔ اور آپؐ نے اس بدوی کو سزا نہ دی۔ اور وہ بیٹھ گیا۔