کتاب 89: باب مَا قِيلَ فِي دِرْعِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَالْقَمِيصِ فِي الْحَرْبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2915
محمد بن مثنیٰ نے ہمیں بتایا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (حذائ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا اور آپؐ (بدر کے دن) ایک بڑے خیمہ میں تھے۔ اے میرے اللہ! میں تجھے تیرے ہی عہد اور تیرے ہی وعدہ کی قسم دیتا ہوں۔ اے میرے اللہ! اگر تو چاہتا ہے کہ آج کے بعد تیری عبادت نہ کی جائے۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کا ہاتھ پکڑ لیا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! بس کیجئے۔ آپؐ نے اپنے ربّ سے دعا مانگنے میں بہت اصرار کر لیا ہے اور آپؐ زِرہ میں تھے۔ آپؐ خیمے سے نکلے اور آپؐ یہ پڑھ رہے تھے: عنقریب یہ سب کے سب شکست کھا جائیں گے اور پیٹھ پھیر دیں گے اور یہی وہ گھڑی ہے جس سے ڈرائے گئے تھے اور یہ گھڑی نہایت سخت اور نہایت تلخ ہے۔ اور وہیب نے کہا کہ خالد نے ہمیں بتایا: یہ بدر کی جنگ کا دن تھا۔
صحیح بخاری 2916
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے اور آپؐ کی زِرہ ایک یہودی کے پاس تیس صاع جو کے عوض رہن تھی۔ اور یعلی نے کہا: اعمش نے ہم سے (یوں) بیان کیا کہ لوہے کی زرہ (رہن تھی۔) اور معلی نے یوں کہا: عبدالواحد نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش سے روایت ہے اور انہوں نے کہا کہ آپؐ نے اس کے پاس لوہے کی زرہ رہن رکھی۔
صحیح بخاری 2917
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ وُہَیْب نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بخیل اور صدقہ دینے والے کی مثال ان دو آدمیوں کی مثال ہے کہ جنہوں نے دو لوہے کے کرتے پہنے ہوں اور ان کے ہاتھ ان کی گردنوں سے بندھے ہوں۔ جب کبھی صدقہ کرنے والا اپنا صدقہ دینے کا ارادہ کرتا ہے تو کرتہ اس کے لئے اتنا کشادہ ہو جاتا ہے کہ وہ اس کے قدموں کے نشانوں تک جاتا ہے اور جب کبھی بخیل صدقہ دینے کا ارادہ کرتا ہے تو وہ کرتہ سمٹ جاتا ہے ایک حلقہ دوسرے حلقہ سے مل جاتا ہے اور اس کے بدن پر سکڑ جاتا ہے اور اس کے دونوں ہاتھ گلے کی ہڈی سے آملتے ہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: پھر وہ کوشش کرتا ہے کہ اس کرتے کو کشادہ کرے تو وہ کشادہ نہیں ہوتا۔