کتاب 97: باب مَنْ صَفَّ أَصْحَابَهُ عِنْدَ الْهَزِيمَةِ وَنَزَلَ عَنْ دَابَّتِهِ، وَاسْتَنْصَرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2930
عمرو بن خالد نے ہمیں بتایا۔ زُہَیر نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحق نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت براءؓ سے سنا اور ان سے ایک شخص نے پوچھا تھا: ابوعمارہ! تم حنین کے دن بھاگ گئے تھے۔ انہوں نے کہا: نہیں، اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے کبھی پیٹھ نہیں پھیری۔ لیکن بات یہ تھی کہ آپؐ کے ساتھیوں میں سے کچھ نوجوان اور ان میں سے وہ جن کے پاس ساز و سامان نہ تھا (نہ سر پر خود، نہ بدن پر زِرہ)، نہ کوئی اور ہتھیار تھا ان کا ایسے لوگوں سے سامنا ہوا جو تیر انداز تھے۔ جن میں ہوازن اور بنو نصر دونوں قبیلے تھے۔ ان کا ایک تیر بھی خالی نہ جاتا تھا۔ انہوں نے ان پر تیروں کی ایسی بوچھاڑ کی کہ کسی کو بھی خالی نہ جانے دیا۔ پھر وہ نبی ﷺ کے پاس (بھاگے) آئے۔ آپؐ اپنی سفید خچر پر سوار تھے اور آپؐ کے چچا کے بیٹے ابوسفیان بن حارث بن عبدالمطلبؓ اس کی لگام پکڑے لئے آرہے تھے۔ آپؐ نیچے اُترے اور نصرت کی دعا مانگی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں اور میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں اس کے بعد آپؐ نے اپنے ساتھیوں کو صف بستہ کھڑا کیا۔