کتاب 101: باب دَعْوَةِ الْيَهُودِيِّ وَالنَّصْرَانِيِّ، وَعَلَى مَا يُقَاتَلُونَ عَلَيْهِ وَمَا كَتَبَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى كِسْرَى وَقَيْصَرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2938
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: جب نبی ﷺ نے رومیوں کی طرف خط لکھنے کا ارادہ کیا تو آپؐ سے کہا گیا کہ وہ خط نہیں پڑھتے مگر وہی جس پر مہر لگی ہو۔ اس لئے آپؐ نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی۔ گویا اب بھی اس انگوٹھی کی سفیدی کو آپؐ کے ہاتھ میں دیکھ رہا ہوں اور آپؐ نے اس میں ’’محمد رسول اللہ‘‘ کندہ کرایا تھا۔
صحیح بخاری 2939
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عُقَیل نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا خط کسریٰ کی طرف بھجوایا اور ایلچی سے فرمایا کہ یہ بحرین کے حاکم کو دے دو۔ بحرین کا حاکم اسے کسریٰ کو پہنچا دے گا۔ جب کسریٰ نے وہ پڑھا تو اسے پھاڑ ڈالا۔ میں سمجھتا ہوں کہ سعید بن مسیب نے اس روایت میں یوں کہا: پھر نبی ﷺ نے ان کے لئے بد دعا کی کہ وہ ہر طرح سے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جائیں۔