کتاب 103: باب مَنْ أَرَادَ غَزْوَةً فَوَرَّى بِغَيْرِهَا، وَمَنْ أَحَبَّ الْخُرُوجَ يَوْمَ الْخَمِيسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2947
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ{ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا کہ عبداللہ }بن کعب رضی اللہ عنہ نے کہا اور حضرت کعبؓ کے بیٹوں میں سے یہی تھے جو انہیں (بوجہ کمزور بینائی کے) پکڑ کر لے جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے اس وقت سنا جب وہ (غزوئہ تبوک میں) رسول اللہ ﷺ سے پیچھے رہ گئے تھے کہ رسول اللہ ﷺ جس جنگ کے لئے نکلنے کا ارادہ فرماتے تو اس کے سوا کسی اور جگہ کا قصد کرکے وہ (اصل جگہ) ظاہر نہ فرماتے۔
صحیح بخاری 2948
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا وہ کہتے تھے: ایسا کم ہی ہوتا کہ رسول اللہ ﷺ کسی جنگ میں نکلنے کا ارادہ فرماتے تو جہاں جانا ہوتا اس کے سوا کسی اور طرف کا قصد کرکے (اصل جگہ کو) ظاہر نہ کرتے۔ جب تبوک پر چڑھائی ہوئی تو رسول اللہ ﷺ سخت گرمی میں وہاں جانے کیلئے نکلے اور چونکہ آپؐ کو دور دراز کا سفر درپیش تھا اور ایک وسیع بیابان میں سے گذرنا تھا اور بڑی تعداد والے دشمن سے مقابلہ کرنا تھا۔ اس لئے آپؐ نے مسلمانوں کو ان کی اصلی حالت کھول کر بیان کر دی تا جو ساز و سامان انہیں اپنے دشمن سے مقابلہ کرنے کے لئے درکار ہو وہ اپنے ساتھ لے لیں اور جس رُخ آپؐ جانا چاہتے تھے وہ بھی انہیں بتا دیا۔
صحیح بخاری 2949
اور (عبد اللہ بن مبارک نے) یونس سے، یونس سے زُہری سے روایت کی۔ زُہری نے کہا: عبدالرحمن بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا کہ حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے تھے: کم ہی ایسا ہوتا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کسی سفر میں جمعرات کے سوا اَور کسی دِن نکلیں۔
صحیح بخاری 2950
عبد اللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے عبد الرحمن بن کعب بن مالک سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت کعب بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ غزوئہ تبوک کے لئے جمعرات کے دن نکلے اور آپؐ جمعرات کے دن سفر پسند کرتے تھے۔