کتاب 110: باب الْبَيْعَةِ فِي الْحَرْبِ أَنْ لاَ يَفِرُّوا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2958
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: صلح حدیبیہ کے دوسرے سال ہم دوبارہ گئے تو ہم میں سے دو آدمیوں نے بھی متفق ہو کر یہ پتہ نہ دیا کہ یہی وہ درخت ہے جس کے نیچے ہم نے بیعت رضوان کی تھی۔ یہ اللہ کی طرف سے رحمت تھی۔ ہم نے نافع سے پوچھا کہ آنحضرت ﷺ نے ان سے کس بات پر بیعت لی، کیا موت پر؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے ان سے ثابت قدم رہنے کی بیعت لی تھی۔
صحیح بخاری 2959
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وُہَیب نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عباد بن تمیم سے، عباد نے حضرت عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: واقعہ حرہ کے ایام میں ان کے پاس ایک آنے والا آیا۔ ان سے کہنے لگا کہ ابن حنظلہ لوگوں سے موت کی بیعت لے رہا ہے۔ تو انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے بعد کسی کی بھی اس امر پر بیعت نہیں کروں گا۔
صحیح بخاری 2960
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ابی عبید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت سلمہ (بن اکوع) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے میں نے بیعت کی۔ پھر الگ ہو کر ایک سایہ دار درخت کے نیچے چلا گیا۔ جب لوگ کم ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: اکوع کے بیٹے! کیا تم بیعت نہیں کرتے؟ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں بیعت کر چکا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر دوبارہ سہی۔ چنانچہ میں نے آپؐ سے دوسری دفعہ بیعت کی۔ (یزید کہتے تھے:) میں نے کہا: ابو مسلم! آپؓ ان دِنوں کس بات پر بیعت کیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: موت پر۔
صحیح بخاری 2961
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حمید سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: انصار خندق کے دن یہ شعر پڑھتے تھے: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمد ﷺ سے یہ بیعت کی کہ ہم جب تک زندہ رہیں گے جہاد کرتے رہیں گے یہ سن کر نبی ﷺ نے ان کو یہ جواب دیا: اے اللہ! اصل زندگی تو آخرت ہی کی زندگی ہے۔ اس لئے انصار اور مہاجرین پر کرم فرما اور ان کو (دین و دنیا میں) عزت دے۔
صحیح بخاری 2962
اسحق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن فضیل سے سنا۔ (انہوں نے بتایا) کہ عاصم سے مروی ہے۔ عاصم نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت مجاشع رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں اور میرا بھائی نبی ﷺ کے پاس آئے۔ میں نے کہا: آپؐ سے ہم ہجرت کی بیعت کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت تو جو اس کے اہل تھے ان کے لئے ہو چکی۔ میں نے کہا: آپؐ ہم سے کس بات پر بیعت لیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: اسلام اور جہاد پر۔
صحیح بخاری 2963
اسحق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن فضیل سے سنا۔ (انہوں نے بتایا) کہ عاصم سے مروی ہے۔ عاصم نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت مجاشع رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں اور میرا بھائی نبی ﷺ کے پاس آئے۔ میں نے کہا: آپؐ سے ہم ہجرت کی بیعت کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہجرت تو جو اس کے اہل تھے ان کے لئے ہو چکی۔ میں نے کہا: آپؐ ہم سے کس بات پر بیعت لیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: اسلام اور جہاد پر۔