کتاب 121: باب مَا قِيلَ فِي لِوَاءِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2974
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا، کہا: لیث نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: عقیل نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ثعلبہ بن ابی مالک قرظی نے مجھے بتایا کہ حضرت قیس بن سعد انصاری رضی اللہ عنہ جو رسول اللہ ﷺ کے علم بردار تھے انہوں نے حج کا ارادہ کیا تو اپنے بالوں میں کنگھی کی۔
صحیح بخاری 2975
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ خیبر میں نبی ﷺ سے پیچھے رہ گئے تھے اور ان کی آنکھیں دُکھتی تھیں۔ پھر کہنے لگے کہ کیا میں رسول اللہ ﷺ سے پیچھے رہ جائوں یہ کہہ کر وہ روانہ ہوگئے اور نبی ﷺ سے جا ملے۔ جب شام ہوئی جس کی صبح کو حضرت علیؓ نے خیبر فتح کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کل صبح میں ایسے شخص کو عَلَم دوں گا یا فرمایا: ایسا شخص عَلَم لے گا جس سے اللہ اور اس کا رسول محبت رکھتا ہے یا فرمایا: جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہے اس کے ذریعہ اللہ فتح دے گا۔ تو ہم کیا دیکھتے ہیں کہ حضرت علیؓ آ رہے ہیں اور ان کے آنے کی ہمیں امید نہ تھی۔ صحابہ نے کہا: یہ حضرت علیؓ آ گئے ہیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے ان کو عَلَم دیا اور اللہ نے ان کو فتح دی۔ طرفاہُ: ۳۷۰۲، ۴۲۰۹۔
صحیح بخاری 2976
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نافع بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عباسؓ سے سنا۔ وہ حضرت زبیر رضی اللہ عنہما سے کہہ رہے تھے کہ نبی ﷺ نے تم سے فرمایا ہے کہ عَلَم یہاں گاڑ دو۔