کتاب 122: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «نُصِرْتُ بِالرُّعْبِ مَسِيرَةَ شَهْرٍ»
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2977
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے ایسی باتیں دے کر بھیجا گیا ہے جو جامع ہیں اور رُعب سے میری مدد کی گئی ہے۔ ایک بار میں سویا ہوا تھا کہ ساری زمین کے خزانوں کی چابیاں میرے پاس لائی گئیں اور میرے ہاتھ میں رکھی گئیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ تو چلے گئے اور اَب تم یہ خزانے نکال رہے ہو۔
صحیح بخاری 2978
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زُہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی۔ ابوسفیانؓ نے انہیں بتایا کہ ہرقل نے ان کو بلوا بھیجا جبکہ وہ شام کے ملک میں تھے۔ پھر اس نے رسول اللہ ﷺ کا خط منگوایا۔ جب وہ یہ خط پڑھنے سے فارغ ہوا تو اس کے پاس بڑا شور برپا ہوگیا اور آوازیں بلند ہوئیں اور ہم باہر نکال دئیے گئے۔ جب ہمیں نکال دیا گیا تو میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: ابوکبشہ کے بیٹے کی تو دھاک بندھ گئی ہے۔ اس سے تو بنی اصفر کا بادشاہ بھی ڈر رہا ہے۔