کتاب 136: باب السُّرْعَةِ فِي السَّيْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2999
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی، کہا کہ میرے باپ (عروہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ نبی ﷺ حجۃ الوداع میں کیسے چلتے تھے۔ یحيٰ کہا کرتے تھے: (انہوں نے یہ بھی کہا تھا) اور میں سن رہا تھا مگر میرے ذہن سے جاتا رہا۔ حضرت اسامہؓ نے کہا: آپؐ تیز رفتار چلتے اور جب آپؐ کھلی جگہ پاتے تو اونٹ کو دوڑاتے اور نَصّ (عربی میں اونٹ کی وہ چال ہے) جو عَنَق یعنی تیز رفتار سے بڑھ کر ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 3000
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا، کہا: زید بن اسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی، کہا: میں مکہ کے راستے میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے ساتھ تھا۔ انہیں صفیہ بنت ابی عبید (ان کی بیوی) کے متعلق خبر پہنچی کہ وہ سخت بیمار ہیں۔ انہوں نے رفتار تیز کر دی اور جب شفق غائب ہوگئی، وہ اُترے، مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کیں اور کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا۔ جب آپؐ کو چلنے میں جلدی ہوتی تو مغرب میں دیر کرتے اور پھر مغرب و عشاء دونوں کو جمع کرتے۔
صحیح بخاری 3001
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبکر کے آزاد کردہ غلام سُمَیّ سے، سُمَیّ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سفر ایک قسم کا عذاب ہے۔ تم میں سے ایک کو اس کی نیند سے اور اس کے کھانے اور پینے سے محروم کر دیتا ہے۔ سو جب تم میں سے کوئی اپنا کام پورا کر چکے تو اپنے گھر والوں کے پاس جلدی چلا آئے۔