کتاب 158: باب الْكَذِبِ فِي الْحَرْبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3031
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: کعب بن اشرف سے کون نپٹے گا؟ کیونکہ اس نے اللہ اور اس کے رسول کی ایذاء دہی میں حد کردی ہے۔ محمد بن مسلمہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ چاہتے ہیں کہ میں اسے مار ڈالوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ چنانچہ محمد بن مسلمہؓ کعب کے پاس آئے اور کہنے لگے: اس شخص نے یعنی نبی ﷺ نے ہمیں جان جوکھوں میں ڈال دیا ہے اور ہم سے صدقہ کا مطالبہ کرتا ہے۔ کعب نے کہا: بخدا اَبھی تو اور بھی مصیبت اُٹھائو گے۔ محمد بن مسلمہؓ نے کہا: ہم اب اس کے پیچھے لگ چکے ہیں، اس لئے ہم بری بات سمجھتے ہیں کہ اس کو چھوڑ دیں جب تک کہ دیکھ نہ لیں کہ اس کا انجام کیا ہوتا ہے۔ حضرت جابر بن عبداللہؓ کہتے تھے کہ مسلمہؓ اس سے باتیں کرتے رہے یہاں تک کہ اس کو اپنے قابو میں کر لیا اور پھر اس کو مار ڈالا۔