کتاب 178: باب كَيْفَ يُعْرَضُ الإِسْلاَمُ عَلَى الصَّبِيِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3055
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ ان سے زُہری نے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے بتایا: حضرت عمرؓ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک جماعت کے ساتھ آنحضرت ﷺ کی معیت میں ابن صیاد کی طرف گئے۔ انہوں نے بنی مغالہ کے محلوں کے پاس اسے لڑکوں کے ساتھ کھیلتے پایا اور ان دِنوں ابن صیاد بلوغت کے قریب تھا۔ اسے اسی وقت معلوم ہوا جب نبی ﷺ نے اس کی پیٹھ پر اپنا ہاتھ رکھا اور فرمایا: کیا تم اقرار کرتے ہو کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ ابن صیاد نے آپ کی طرف دیکھا اور کہا: میں یہ اقرار کرتا ہوں کہ آپؐ اُمیّوں کے رسول ہیں۔ ابن صیاد نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا آپؐ اقرار کرتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: میں اللہ اور اس کے سب رسولوں پر ایمان لایا ہوں اور فرمایا: تم کیا دیکھتے ہو؟ ابن صیاد نے کہا: میرے پاس سچی اور جھوٹی خبریں آتی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اصل حقیقت تم پر مشتبہ ہو گئی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے تمہارے لئے ایک بات چھپائی ہے۔ ابن صیاد نے کہا: وہ دُخْ ہی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: چل دور ہو تم اپنی بساط سے آگے نہیں بڑھ سکو گے۔ حضرت عمرؓ کہنے لگے: یا رسول اللہ! آپؐ اجازت دیں تو میں اس کی گردن اڑا دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر یہ وہی (دجال) ہوا (جس کی خبر دی گئی ہے) تو تم اس پر قابو نہیں پا سکو گے اور اگر وہ نہ ہوا تو پھر اس کے مار ڈالنے میں تمہارے لئے کوئی بھلائی نہیں۔
صحیح بخاری 3056
دوسری روایت حضرت ابن عمرؓ سے اسی سند سے یہ ہے کہ نبی ﷺ اور حضرت اُبیّ بن کعبؓ اس نخلستان میں گئے جہاں ابن صیاد تھا۔ جب اس نخلستان میں داخل ہوئے تو نبی ﷺ کھجوروں کی آڑ میں چلنے لگے اور آپؐ (ابن صیاد کے پاس) دبے پائوں آہستہ آہستہ جا رہے تھے تا آپؐ ابن صیاد سے پیشتر اس کے کہ وہ آپؐ کو دیکھے، کچھ سن لیں اور ابن صیاد اپنے بچھونے پر ایک کمبل اوڑھے ہوئے لیٹا تھا۔ اس میں کچھ گنگناہٹ کی سی آواز تھی۔ ابن صیاد کی ماں نے نبی ﷺ کو دیکھ لیا۔ جب آپؐ کھجوروں کی آڑ لئے (دبے پائوں) آرہے تھے۔ اس نے ابن صیاد کو پکار کر کہا: ارے صاف اور یہ اس کا نام تھا۔ (محمد آئے ہیں) یہ سنتے ہی ابن صیاد اُٹھ کھڑا ہوا۔ نبی ﷺ فرماتے تھے: اگر وہ اسے رہنے دیتی تو حال کھل جاتا۔
صحیح بخاری 3057
اور سالم (بن عبداللہ) نے کہا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: پھر اس کے بعد نبی ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ مستحق ہے اور دجال کا ذکر کیا اور فرمایا: میں بھی تم کو اس کے خطرہ سے آگاہ کرتا ہوں اور کوئی ایسا نبی نہیں جس نے اپنی قوم کو اس کے خطرہ سے آگاہ نہ کیا ہو۔ نوحؑ نے بھی اپنی قوم کو اس کے خطرہ سے خبردار کیا تھا۔ مگر میں تمہیں اس کے متعلق ایک ایسی بات بتاتا ہوں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی۔ تمہیں یہ علم ہے کہ وہ یک چشم ہے اور اللہ ایسا نہیں۔