باب 184: باب الْعَوْنِ بِالْمَدَدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3064
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن ابی عدی اور سہل بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے سعید (بن ابی عروبہ) سے، سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ نبی ﷺ کے پاس رعل، ذکوان، عصیہ اور بنو لحیان قبائل کے کچھ لوگ آئے اور کہا کہ ہم مسلمان ہوگئے ہیں اور انہوں نے آپؐ سے اپنی قوم کے مقابلہ کے لئے مدد مانگی۔ نبی ﷺ نے ان کی ستر انصار صحابہ سے مدد کی۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ہم انہیں قاری کہا کرتے تھے۔ دن کو وہ لکڑیاں لاتے اور رات کو نمازیں پڑھتے۔ وہ لوگ انہیں لے گئے جب بئر معونہ پر پہنچے تو انہوں نے ان سے غداری کی اور انہیں مار ڈالا۔ آنحضرت ﷺ ایک مہینہ تک نماز میں کھڑے ہو کر رِعل، ذکوان اور بنی لحیان کے لئے بددعا کرتے رہے۔ قتادہ نے کہا: اور حضرت انسؓ نے ہم سے بیان کیا کہ صحابہ ان لوگوں سے متعلق قرآن کی آیت سمجھ کر یہ پڑھنے لگے: ہماری طرف سے ہماری قوم کو کہہ دو کہ ہم اپنے ربّ سے جا ملے ہیں۔ وہ ہم سے خوش ہوا اور ہمیں خوش کر دیا۔ بعد میں یہ شبہ دور کر دیا گیا (کہ یہ قرآنِ مجید کی آیت نہیں۔)