کتاب 189: بَابُ الْغُلُولِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3073
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحیان (یحيٰ بن سعید) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابوزُرعہ نے مجھ سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ ہم میں کھڑے ہوئے اور غنیمت کے مال میں خیانت کرنے کا ذکر فرمایا اور اسے بہت بڑا گناہ قرار دیا اور اس کی سزا بہت بڑی قرار دی۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم میں سے کسی کو قیامت کے دن ایسی حالت میں نہ پائوں کہ اس کی گردن پر {بکری سوار ہو جو ممیّا رہی ہو یا اس کی گردن پر } گھوڑا ہو جو ہنہنا رہا ہو۔ وہ شخص مجھ سے کہہ رہا ہو: یا رسول اللہ! میری مدد کیجئے اور میں کہوں: تمہارے لئے میں کچھ نہیں کر سکتا۔ میں نے تمہیں اللہ کا حکم پہنچا دیا تھا۔ یا اس کی گردن پر اونٹ سوار ہو جو بلبلا رہا ہو اور وہ شخص مجھ سے کہہ رہا ہو: یا رسول اللہ! میری مدد کیجئے اور میں کہوں کہ میں کچھ نہیں کر سکتا۔ میں نے تمہیں (اللہ کا حکم) پہنچا دیا تھا۔ یا اس کی گردن پر سونا چاندی لادے ہوئے ہوں اور وہ کہہ رہا ہو: یا رسول اللہ! میری مدد کو پہنچیں اور میں کہوں: میں تمہارے لئے کچھ نہیں کر سکتا۔ میں نے تمہیں اللہ کا حکم پہنچا دیا تھا۔ یا اس کی گردن پر کپڑوں کے ٹکڑے لادے ہوں جو ہوا سے اُڑ رہے ہوں اور وہ کہے: یا رسول اللہ! میری مدد کو پہنچیں اور میں کہوں: میں تمہارے لیے کچھ نہیں کر سکتا۔ میں نے تمہیں اللہ کا حکم پہنچا دیا تھا۔ اور ایوب نے ابوحیان سے یہی نقل کیا کہ اس کی گردن پر گھوڑا ہو جو ہنہنا رہا ہو۔