کتاب 191: باب مَا يُكْرَهُ مِنْ ذَبْحِ الإِبِلِ وَالْغَنَمِ فِي الْمَغَانِمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3075
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن مسروق سے، سعید نے عبایہ بن رفاعہ سے، عبایہ نے اپنے دادا حضرت رافع (بن خدیجؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالحلیفہ میں ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ لوگوں کو بھوک لگی اور ہم نے کچھ اونٹ اور بکریاں غنیمت میں پائی تھیں۔ نبی ﷺ پچھلے لوگوں میں تھے۔ لوگوں نے جلدی کی اور ہانڈیاں چڑھا دیں۔ آپؐ نے ہانڈیوں کی نسبت حکم دیا تو وہ انڈیل دی گئیں۔ پھر آپؐ نے مالِ غنیمت کو تقسیم کیا اور دس بکریوں کو ایک اونٹ کے برابر ٹھہرایا۔ ان میں سے ایک اونٹ بھاگ نکلا۔ لشکر میں گھوڑے کم تھے۔ لوگوں نے اس کا پیچھا کیا تو اس نے ان کو تھکا دیا۔ یہ دیکھ کر ایک شخص نے ہاتھ بڑھایا اور ایک تیر چلایا۔ اللہ نے اس اونٹ کو وہیں روک دیا۔ آپؐ نے فرمایا: ان جانوروں میں سے بھی بعض جنگلی جانوروں جیسے ہوتے ہیں جو قابو میں نہیں آتے۔ اس لئے جو جانور بھاگ کر تمہارے قابو سے نکل جائے تو تم اس کے ساتھ اسی طرح کیا کرو۔ (یعنی تیر مار کر گرا لو۔ عبایہ کہتے تھے:) میرے دادا نے کہا: ہم امید کرتے ہیں یا کہا کہ ہمیں اندیشہ ہے کل دشمن سے ہمارا مقابلہ ہو اور ہمارے پاس چھریاں نہیں تو کیا ہم کھپانچ (سرکنڈے) ہی سے ذبح کر لیں۔ آپؐ نے فرمایا: جو چیز بھی خون بہا دے اور اس پر اللہ کا نام لیا جائے وہ کھالو۔ مگر دانت اور ناخن سے ذبح کرنا درست نہیں اور میں اس کی وجہ بتائے دیتا ہوں۔ دانت تو ہڈی ہے اور ناخن حبشیوں کی چھریاں ہیں۔