کتاب 192: باب الْبِشَارَةِ فِي الْفُتُوحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3076
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا ، کہا: ہم سے یحيٰ (قطان) نے بیان کیا۔ ہمیں اسماعیل (بن ابی خالد) نے بتایا، کہا: قیس (بن ابی حازم) نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے کہ حضرت جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے مجھ سے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم ذوالخلصہ سے مجھے چھٹکارا نہیں دلائو گے اور یہ ایک بت خانہ تھا جو قبیلہ خثعم نے بنایا تھا۔ اسے یمنی کعبہ کہتے تھے۔ میں اَحمس قبیلہ کے ایک سو پچاس مرد لے کر چل پڑا۔ یہ سب اچھے سوار تھے۔ میں نے نبی ﷺ کو بتایا کہ میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا۔ آپؐ نے میرے سینہ پر زور سے ہاتھ مارا۔ یہاں تک کہ میں نے آپؐ کی انگلیوں کے نشان اپنے سینہ پر دیکھے اور آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! اسے گھوڑے پر جم کر بیٹھنے کی توفیق دے اور اسے راہنما بنا اور صحیح راستہ پر چلا۔ چنانچہ وہ اس بت خانہ کی طرف چلے گئے اور جا کر اسے توڑ ڈالا اور اس کو جلا دیا اور نبی ﷺ کی طرف آدمی بھیجا کہ آپؐ کو خوشخبری دے۔ حضرت جریرؓ کے پیغامبر نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: یا رسول اللہ! اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے۔ میں آپؐ کے پاس اس وقت تک نہیں آیا جب تک کہ اس بت خانہ کو ایسی حالت میں نہیں چھوڑا جیسے خارشی اونٹ ہوتا ہے۔ آپؐ نے احمس قبیلے کے سواروں اور ان کے مردوں کو پانچ بار برکت کی دعا دی۔ مسدد نے اپنی روایت میں کَانَ بَیْتًا فِیْہِ خَثْعَمُ کی جگہ بَیْتٌ فِیْ خَثْعَمَ نقل کیا ہے۔ یعنی خثعم قبیلہ میں بت خانہ تھا۔