کتاب 195: بَابُ إِذَا اضْطَرَّ الرَّجُلُ إِلَى النَّظَرِ فِي شُعُورِ أَهْلِ الذِّمَّةِ وَالْمُؤْمِنَاتِ إِذَا عَصَيْنَ اللَّهَ وَتَجْرِيدِهِنَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3081
محمد بن عبداللہ بن حوشب طائفی نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ حصین (بن عبدالرحمن) نے ہمیں خبر دی کہ انہوں نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمن سے روایت کی اور وہ حضرت عثمانؓ کے حامی تھے۔ انہوں نے ابن عطیہ سے جو حضرت علیؓ کے حامی تھے، کہا: میں خوب جانتا ہوں کہ کس بات نے تمہارے ساتھی کو خونریزی کرنے کی جرأت دلائی ہے۔ میں نے ان کو یہ کہتے سنا کہ نبی ﷺ نے مجھے اور زبیرؓ کو بھیجا اور فرمایا: فلاں باغیچہ میں جاؤ اور وہاں تم ایک عورت پائو گے۔ حاطبؓ نے اسے ایک خط دیا ہے۔ {چنانچہ ہم اس باغیچہ میں پہنچے } اور ہم نے کہا: خط نکالو۔ کہنے لگی: مجھے تو (حاطب نے کوئی خط) نہیں دیا۔ ہم نے کہا: تمہیں خط نکالنا ہوگا۔ ورنہ میں تمہیں برہنہ کرتا ہوں۔ یہ سن کر اس نے اپنے نیفے سے وہ خط نکالا۔ (ہم نبی کریم ﷺ کے پاس پہنچے) آپؐ نے حاطبؓ کو بلا بھیجا۔ انہوں نے عرض کیا: حضور آپؐ جلدی نہ فرمائیں۔ اللہ کی قسم! میں کافر نہیں ہوں اور میں اسلام کی محبت میں بڑھا ہوا ہوں۔ آپؐ کے صحابہ میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کا مکہ میں کوئی نہ کوئی تعلق والا نہ ہو جس کے ذریعہ سے اللہ اس کے بال بچوں اور جائیداد کی حفاظت کر رہا ہے اور میرا وہاں کوئی نہیں۔ میں نے چاہا کہ مکہ والوں پر کوئی احسان کر دوں۔ نبی ﷺ نے انہیں سچا قرار دیا۔ حضرت عمرؓ نے عرض کیا: مجھے اجازت دیجئے کہ میں اس کی گردن مار دوں۔ کیونکہ اس نے منافقت کی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تمہیں کیا علم؟ شاید اللہ نے بدر والوں کو جھانک کر دیکھا اور فرمایا ہو: تم جو چاہو کرو۔ سو یہ بات تھی جس نے حضرت علیؓ کو خونریزی پر جرأت دلائی ہے۔