کتاب 197: باب مَا يَقُولُ إِذَا رَجَعَ مِنَ الْغَزْوِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3084
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں جویریہ نے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب سفر سے لوٹتے تو تین بار اللہ اکبر کہتے اور فرماتے: اگر اللہ نے چاہا تو ہم واپس لوٹنے والے ہیں۔ اپنے ربّ کے حضور توبہ کرنے والے، اپنے ربّ کی عبادت کرنے والے اور اپنے ربّ کی ستائش کرنے والے اور اپنے ربّ کو سجدہ کرنے والے ہیں۔ اللہ نے اپنا وعدہ پورا کیا اور اپنے بندہ کی مدد فرمائی اور سارے دشمنوں کو تنہا شکست دے کر بھگا دیا۔
صحیح بخاری 3085
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا، کہا: یحيٰ بن ابی اسحٰق نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ جب آپؐ عسفان سے لوٹے اور رسول اللہ ﷺ اس وقت اپنی اونٹنی پر سوار تھے اور آپؐ نے حضرت صفیہؓ بنت حییّ کو پیچھے بٹھایا ہوا تھا۔ آپؐ کی اونٹنی نے ٹھوکر کھائی اور دونوں گر پڑے۔ حضرت ابوطلحہؓ یہ دیکھ کر فوراً اونٹ سے کودے اور بولے: یا رسول اللہ! میں آپؐ پر قربان۔ آپؐ نے فرمایا: اس عورت کی خبر لو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے اپنے منہ پر کپڑا ڈال لیا اور حضرت صفیہؓ کے پاس آئے اور وہ کپڑا اُن پر ڈالا اور ان دونوں کی سواری درست کی جس پر وہ سوار ہوگئے اور ہم نے رسول اللہ ﷺ کے گرد حلقہ بنا لیا۔ جب ہم مدینہ کی بلندی پر پہنچے تو آپؐ نے فرمایا: ہم لوٹ کر آنے والے ہیں، ہم اپنے ربّ کے حضور توبہ کرنے والے ہیں۔ اپنے ربّ کی عبادت کرنے والے اور اپنے ربّ کی ستائش کرنے والے ہیں۔ آپؐ اس وقت تک کہ مدینہ میں داخل ہوئے یہی کلمات فرماتے رہے۔
صحیح بخاری 3086
علی (بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن ابی اسحق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ اور حضرت ابوطلحہؓ نبی ﷺ کی معیت میں چلے آرہے تھے اور نبی ﷺ کے ساتھ حضرت صفیہؓ تھیں۔ جنہیں آپؐ نے اپنے پیچھے اونٹنی پر بٹھایا ہوا تھا۔ جب وہ راستے میں ایک جگہ پر پہنچے تو اونٹنی نے ٹھوکر کھائی اور نبی ﷺ اور حضرت صفیہؓ گر پڑے اور حضرت ابوطلحہؓ نے (میرا خیال ہے) یوں کیا: وہ اپنے اونٹ سے فوراً کود پڑے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور عرض کیا: نبی اللہ! میں آپؐ پر قربان۔ کیا آپؐ کو چوٹ تو نہیں آئی؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں مگر تم اس عورت کی خبر لو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے اپنا کپڑا اپنے منہ پر ڈالا اور حضرت صفیہؓ کی طرف گئے اور آکر اپنا کپڑا اُن پر ڈال دیا اور وہ اُٹھ کھڑی ہوئیں۔ پھر حضرت ابوطلحہؓ نے ان کی اونٹنی ان کے لئے مضبوط کس دی اور وہ دونوں سوار ہوگئے اور چل دئیے۔ جب مدینہ کی اونچی سطح پر پہنچے یا کہا کہ جب بلندی پر پہنچ کر مدینہ نظر آیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: ہم لوٹ کر آنے والے ہیں۔ اپنے رب کے حضور اپنے گناہوں سے توبہ کرنے والے ہیں، اپنے ربّ کی عبادت کرنے والے، اپنے ربّ کی ستائش کرنے والے ہیں۔ اس وقت تک کہ آپؐ مدینہ میں داخل ہوئے آپؐ یہی کلمات فرماتے رہے۔