کتاب 57: كتاب فرض الخمس

صحیح بخاری, حصہ 4

صحیح بخاری 3151

محمود بن غیلان نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا کہ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ وہ کہتی تھیں: حضرت زبیرؓ کی اس زمین سے جو رسول اللہ ﷺ نے ان کو دی تھی، میں اپنے سر پر کھجور کی گٹھلیاں اُٹھا کر لایا کرتی تھی اور یہ زمین دو تہائی فرسخ کے فاصلہ پر تھی۔ اور ابوضمرہ نے یہ روایت ہشام (بن عروہ) سے (مرسلا ً) نقل کی۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے بنو نضیر کی جائیدادوں میں سے ایک زمین حضرت زبیرؓ کو بطور جاگیر دی تھی۔

حَدَّثَنَا مَحْمُودُ بْنُ غَيْلاَنَ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبِي عَنْ أَسْمَاءَ ابْنَةِ أَبِي بَكْرٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَتْ كُنْتُ أَنْقُلُ النَّوَى مِنْ أَرْضِ الزُّبَيْرِ الَّتِي أَقْطَعَهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلَى رَأْسِي وَهْىَ مِنِّي عَلَى ثُلُثَىْ فَرْسَخٍ. وَقَالَ أَبُو ضَمْرَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم أَقْطَعَ الزُّبَيْرَ أَرْضًا مِنْ أَمْوَالِ بَنِي النَّضِيرِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3152

احمد بن مقدام نے مجھ سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضرت عمر بن خطابؓ نے یہودیوں اور عیسائیوں کو حجاز کے ملک سے جلاوطن کردیا تھا اور رسول اللہ ﷺ نے بھی جب آپؐ اہل خیبر پر غالب آئے، ارادہ فرمایا تھا کہ یہودیوں کو وہاں سے نکال دیں اور جب آپؐ غالب آئے تو ان اراضی میں سے کچھ یہودیوں کیلئے رہیں اور کچھ رسول اللہ ﷺ کیلئے اور کچھ مسلمانوں کے لئے۔ اور یہودیوں نے رسول اللہ ﷺ سے درخواست کی کہ زمین انہی کے قبضہ میں رہنے دیں، اس شرط پر کہ محنت وہ کریں گے اور آدھی پیداوار ان کی ہوگی (اور آدھی مسلمانوں کی۔) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تک ہم چاہیں گے اس شرط پر رہنے دیں گے۔ چنانچہ وہ اس شرط پر ٹھہرے رہے یہاں تک کہ حضرت عمرؓ نے اپنی خلافت کے زمانے میں انہیں تیماء یا اَریحاء کی طرف نکال دیا۔

حَدَّثَنِي أَحْمَدُ بْنُ الْمِقْدَامِ حَدَّثَنَا الْفُضَيْلُ بْنُ سُلَيْمَانَ حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ عُقْبَةَ قَالَ أَخْبَرَنِي نَافِعٌ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ أَجْلَى الْيَهُودَ وَالنَّصَارَى مِنْ أَرْضِ الْحِجَازِ وَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لَمَّا ظَهَرَ عَلَى أَهْلِ خَيْبَرَ أَرَادَ أَنْ يُخْرِجَ الْيَهُودَ مِنْهَا وَكَانَتِ الأَرْضُ لَمَّا ظَهَرَ عَلَيْهَا لِلْيَهُودِ وَلِلرَّسُولِ وَلِلْمُسْلِمِينَ فَسَأَلَ الْيَهُودُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَنْ يَتْرُكَهُمْ عَلَى أَنْ يَكْفُوا الْعَمَلَ وَلَهُمْ نِصْفُ الثَّمَرِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " نُقِرُّكُمْ عَلَى ذَلِكَ مَا شِئْنَا ". فَأُقِرُّوا حَتَّى أَجْلاَهُمْ عُمَرُ فِي إِمَارَتِهِ إِلَى تَيْمَاءَ وَأَرِيحَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3153

ابو الولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید بن ہلال سے، حمید نے حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم خیبر کے محل کا محاصرہ کئے ہوئے تھے کہ ایک آدمی نے تھیلہ پھینکا جس میں چربی تھی۔ میں اس کے لینے کو لپکا تو کیا دیکھتا ہوں کہ نبی ﷺ کھڑے ہیں۔ سو میں شرم کی وجہ سے اس کو لینے سے رُک گیا۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ حُمَيْدِ بْنِ هِلاَلٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مُغَفَّلٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كُنَّا مُحَاصِرِينَ قَصْرَ خَيْبَرَ فَرَمَى إِنْسَانٌ بِجِرَابٍ فِيهِ شَحْمٌ فَنَزَوْتُ لآخُذَهُ فَالْتَفَتُّ فَإِذَا النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَاسْتَحْيَيْتُ مِنْهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3154

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم اپنی لڑائیوں میں شہد اور انگور بھی پایا کرتے تھے اور انہیں کھاتے اور اُٹھا کر رکھ نہ چھوڑتے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ كُنَّا نُصِيبُ فِي مَغَازِينَا الْعَسَلَ وَالْعِنَبَ فَنَأْكُلُهُ وَلاَ نَرْفَعُهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3155

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد نے ہمیں بتایا کہ شیبانی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: غزوئہ خیبر کی راتوں میں ہم بھوکے رہتے تھے۔ جب خیبر کی لڑائی ہوئی تو ہم پالتو گدھوں پر لپکے اور انہیں ذبح کیا۔ جب ہانڈیاں اُبل رہی تھیں تو رسول اللہ ﷺ کے منادی نے آواز دی: ہانڈیاں اُلٹ دو اور گدھوں کے گوشت میں سے کچھ نہ کھائو۔ حضرت عبداللہ (بن ابی اوفیؓ) کہتے تھے: ہم کہنے لگے کہ نبی ﷺ نے صرف اس لئے منع فرمایا ہے کہ ان کا پانچواں حصہ نہیں نکالا گیا تھا۔ (شیبانی نے) کہا: اور بعض نے کہا: آپؐ نے اس کو قطعاً حرام قرار دیا ہے۔ سعید بن جبیر سے میں نے پوچھا تو انہوں نے کہا: آپؐ نے ان کو قطعی حرام قرار دیا تھا۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَاحِدِ حَدَّثَنَا الشَّيْبَانِيُّ قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ أَبِي أَوْفَى ـ رضى الله عنهما ـ يَقُولُ أَصَابَتْنَا مَجَاعَةٌ لَيَالِيَ خَيْبَرَ فَلَمَّا كَانَ يَوْمُ خَيْبَرَ وَقَعْنَا فِي الْحُمُرِ الأَهْلِيَّةِ فَانْتَحَرْنَاهَا فَلَمَّا غَلَتِ الْقُدُورُ نَادَى مُنَادِي رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم اكْفَئُوا الْقُدُورَ فَلاَ تَطْعَمُوا مِنْ لُحُومِ الْحُمُرِ شَيْئًا. قَالَ عَبْدُ اللَّهِ فَقُلْنَا إِنَّمَا نَهَى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم لأَنَّهَا لَمْ تُخَمَّسْ. قَالَ وَقَالَ آخَرُونَ حَرَّمَهَا الْبَتَّةَ. وَسَأَلْتُ سَعِيدَ بْنَ جُبَيْرٍ فَقَالَ حَرَّمَهَا الْبَتَّةَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

آج 10 میں سے 10 باقی