کتاب 3: باب نَفَقَةِ نِسَاءِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بَعْدَ وَفَاتِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3096
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ ابوالزناد سے مروی ہے۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے وارث (میرے بعد میرے ترکہ کو) تقسیم نہ کریں۔ خواہ ایک دینار ہو جو اپنی بیویوں کے اخراجات اور اپنے کارپرداز کی مزدوری کے بعد میں چھوڑ جائوں وہ صدقہ ہوگا۔
صحیح بخاری 3097
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں خبر دی۔ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا کہ ان کے باپ سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے اور حالت یہ تھی کہ میرے گھر میں کچھ نہ تھا جو جگر والا (جاندار) کھاتا، سوائے آدھے وسق جو کے جو پرچھتی پر تھے تو میں اسی سے کھاتی رہی یہاں تک کہ ایک مدت گزر گئی تو میں نے اسے ماپا اور وہ ختم ہوگئے۔
صحیح بخاری 3098
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ابواسحق نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمرو بن حارثؓ سے سنا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے (وفات کے وقت) کچھ جائیداد نہیں چھوڑی سوا اپنے ہتھیار اور سفید خچر اور کچھ زمین کے۔ ان سب چیزوں کو آپؐ نے بطور صدقہ چھوڑا تھا۔