کتاب 4: باب مَا جَاءَ فِي بُيُوتِ أَزْوَاجِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم، وَمَا نُسِبَ مِنَ الْبُيُوتِ إِلَيْهِنَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3099
حبان بن موسیٰ اور محمد (بن مقاتل) نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ معمر اور یونس نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے مجھے خبر دی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ جب رسول اللہ ﷺ بیماری سے نڈھال ہوگئے اور آپؐ کے لئے چلنا پھرنا مشکل ہوگیا تو آپؐ نے اپنی ازواج سے اجازت طلب کی کہ میرے گھر میں آپؐ کی تیمارداری ہو تو آپؐ کی ازواج نے اس کی اجازت دے دی۔
صحیح بخاری 3100
(سعید) ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ نافع نے ہمیں بتایا (کہا:) میں نے ابن ابی ملیکہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ نبی ﷺ میرے گھر میں اور میری باری کے دن میرے حلق اور سینے کے درمیان فوت ہوئے اور اللہ نے میرے لعاب دہن کو آپؐ کے لعاب دہن کے ساتھ ملا دیا۔ انہوں نے کہا: عبدالرحمنؓ ایک مسواک لے کر اندر آئے۔ نبی ﷺ اتنے کمزور تھے کہ مسواک نہ کر سکے۔ میں نے وہ لی اور اسے چبا کر نرم کیا۔ پھر میں نے وہ آپؐ کے دانتوں پر ملی اور آپؐ کے دانت صاف کئے۔
صحیح بخاری 3101
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے علی بن حسین (زین العابدین) سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت صفیہؓ نے انہیں خبر دی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آپؐ سے ملاقات کرنے کے لئے آئیں جبکہ آپؐ رمضان کے آخری عشرہ میں مسجد میں معتکف تھے۔ پھر وہ واپس جانے کے لئے اُٹھیں تو رسول اللہ ﷺ بھی ان کے ساتھ اُٹھے۔ یہاں تک کہ جب آپؐ مسجد کے اس دروازے کے قریب پہنچے جو نبی ﷺ کی زوجہ حضرت امّ سلمہؓ کے دروازے کے پاس تھا تو انصار میں سے دو شخص (اُسَید بن حُضَیر اور عباد بن بشر) وہاں سے گزرے اور رسول اللہ ﷺ کو السلام علیکم کہا۔ پھر جلدی سے آگے نکل گئے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں سے فرمایا: ٹھہرو۔ تو دونوں نے کہا: سبحان اللہ یا رسول اللہ۔ اور ان دونوں پر یہ بات شاق گزری (کہ رسول اللہ ﷺ کے متعلق کوئی گمان کریں کہ وہ غیر محرم کے ساتھ ہوں) تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شیطان انسان کے اندر وہاں تک پہنچتا ہے جہاں تک خون پہنچتا ہے اور مجھے اندیشہ ہوا کہ مبادا تمہارے دل میں کوئی وسوسہ ڈال دے۔
صحیح بخاری 3102
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ (عمری) سے مروی ہے۔ انہوں نے محمد بن یحيٰ بن حبان سے روایت کی کہ واسع بن حبان سے روایت ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں حضرت حفصہؓ کے گھر کی چھت پر چڑھا اور دیکھا کہ نبی ﷺ قضائے حاجت میں ہیں۔ قبلہ کی طرف آپؐ کی پیٹھ ہے اور شام کی طرف منہ ہے۔
صحیح بخاری 3103
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ ہشام سے مروی ہے۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ عصر کی نماز ایسے وقت میں پڑھتے تھے جبکہ سورج ابھی ان کے حجرہ سے باہر نہ نکلا ہوتا۔
صحیح بخاری 3104
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ خطبہ کے لئے کھڑے ہوئے اور حضرت عائشہؓ کے مکان کی طرف اشارہ فرمایا اور تین بار فرمایا کہ فتنہ ادھر سے ہوگا جہاں سے شیطانی لوگوں کا خروج ہوگا۔
صحیح بخاری 3105
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ عبداللہ بن ابوبکر سے مروی ہے۔ انہوں نے عمرہ بنت عبدالرحمن سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ ان کے پاس تھے اور انہوں نے کسی انسان کی آواز سنی جو حضرت حفصہؓ کے گھر میں آنے کی اجازت چاہتا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ کوئی مرد ہے جو آپؐ کے گھر میں آنے کی اجازت چاہتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرا خیال ہے کہ وہ فلاں ہے جو حفصہؓ کا رضاعی چچا ہے۔ رضاعت (دودھ پلانا) ان رشتوں کو حرام کر دیتی ہے جو ولادت حرام کرتی ہے۔