کتاب 7: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {فَأَنَّ لِلَّهِ خُمُسَهُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3114
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان، منصور اور قتادہ سے مروی ہے۔ انہوں نے سالم بن ابی الجعد سے سنا۔ وہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: ہم انصاریوں کے ہاں ایک شخص کے لڑکا پیدا ہوا تو اس نے چاہا کہ اس کا نام محمد رکھے۔ شعبہ نے اپنی اس حدیث میں کہا جو منصور سے روایت ہے کہ انصاری نے کہا: میں نے اس بچے کو اپنی گردن پر اُٹھایا اور اسے لے کر نبی ﷺ کے پاس آیا۔ اور سلیمان کی حدیث میں یوں ہے کہ اس کے ہاں لڑکا پیدا ہوا اور اس نے اس کا نام محمد رکھنا چاہا تو آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام تو رکھو لیکن میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔ مجھے قاسم بنایا گیا ہے۔ میں تمہارے درمیان تقسیم کرتا ہوں اور حصین نے کہا: میں بطور قاسم مبعوث کیا گیا ہوں تا کہ تمہارے درمیان تقسیم کروں۔ عمرو (بن مندوب) نے کہا: شعبہ نے ہمیں خبر دی کہ قتادہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے سالم سے سنا کہ حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے اس کا نام قاسم رکھنا چاہا تو نبی ﷺ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو اور میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔
صحیح بخاری 3115
محمد بن یوسف (بیکندی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش سے مروی ہے۔ انہوں نے سالم بن ابی جعد سے، انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم میں سے ایک شخص کے ہاں لڑکا پیدا ہوا تو اس نے اس کا نام قاسم رکھا تو انصار نے کہا: ہم تمہیں ابوالقاسم کی کنیت سے نہیں پکاریں گے اور نہ تمہاری آنکھ ٹھنڈی کریں گے۔ وہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہا: یا رسول اللہ! میرے ہاں لڑکا پیدا ہوا ہے۔ میں نے اس کا نام قاسم رکھا ہے اور انصار کہنے لگے کہ ہم تمہیں ابوالقاسم کی کنیت سے نہیں پکاریں گے اور نہ تمہاری آنکھ ٹھنڈی کریں گے۔ نبی ﷺ نے فرمایا کہ انصار نے اچھا کیا۔ میرے نام سے نام رکھو۔ لیکن میری کنیت سے کنیت نہ رکھو۔ کیونکہ میں تو قاسم ہوں۔
صحیح بخاری 3116
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس سے مروی ہے۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے حُمَید بن عبدالرحمن سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت معاویہؓ سے سنا کہ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کی اللہ بھلائی چاہتا ہے اسے دین کے بارے میں سمجھ دے دیتا ہے اور اللہ دینے والا ہے اور میں تقسیم کرنے والا ہوں۔ یہ امت ہمیشہ اپنے مخالفوں پر غالب رہے گی یہاں تک کہ اللہ کا امر آجائے جبکہ وہ پھر غالب ہوں۔
صحیح بخاری 3117
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح نے ہمیں بتایا (کہا:) ہلال نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن بن ابی عمرہ سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں تمہیں نہیں دیتا اور نہ تم سے روکتا ہوں۔ میں تو قاسم ہوں۔ وہیں دیتا ہوں جہاں مجھے حکم ہے۔
صحیح بخاری 3118
عبداللہ بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن ابی ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوالاسود نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن ابی عیاش سے مروی ہے اور ان کا نام نعمان تھا۔ انہوں نے خولہ (بنت قیس) انصاریہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ کچھ لوگ اللہ کے مال میں بلا ضرورت دخل دیتے اور بے جا خرچ کرتے ہیں۔ انہیں قیامت کے روز آگ کی سزا ہوگی۔