کتاب 8: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أُحِلَّتْ لَكُمُ الْغَنَائِمُ»
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3119
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ خالد نے ہمیں بتایا (کہا) حصین نے ہم سے بیان کیا کہ عامر (شعبی) سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت عروہ بارقی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ سے مروی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: گھوڑوں کی پیشانیوں پر خیروبرکت کی گرہ بندھی ہوئی ہے۔ روزِ قیامت تک اجر بھی ملتا رہے گا اور غنیمت بھی حاصل ہوگی۔
صحیح بخاری 3120
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ (کہا) ابوالزناد نے ہمیں بتایا کہ اَعرج سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ کسریٰ (شاہِ ایران) جب ہلاک ہوگا اس کے بعد اور کوئی کسریٰ نہ ہوگا اور جب قیصر (شاہِ روم) ہلاک ہوگا اس کے بعد کوئی قیصر نہ ہوگا۔ اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تم ضرور اللہ کی راہ میں ان دونوں کے خزانے خرچ کرو گے۔
صحیح بخاری 3121
اسحاق (بن راہویہ) نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے جریر سے سنا۔ وہ عبدالملک سے روایت کرتے تھے کہ حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب کسریٰ ہلاک ہوگا تو اس کے بعد کوئی کسریٰ نہ ہوگا اور جب قیصر ہلاک ہوگا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہ ہوگا اور اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تم ضرور ان دونوں کے خزانے اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے۔
صحیح بخاری 3122
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) سیار (بن ابی سیار) نے ہمیں خبر دی۔ یزید فقیر نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے ہمیں بتایا، کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ غنیمتیں میرے لئے حلال کی گئیں۔
صحیح بخاری 3123
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوالزناد سے مروی ہے۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کی راہ میں جہاد کیا اور اللہ کے راستے میں جہاد اور اس کی باتوں کی تصدیق کے سوا اَور کسی غرض نے اسے گھر سے نہیں نکالا، اللہ نے ایسے مجاہد کے لئے ذمہ لیا ہے کہ اسے جنت میں داخل کرے گا یا اسے اس اَجر کے ساتھ جو اس نے حاصل کیا ہے یا غنیمت دے کر اس کی رہائش گاہ کی طرف لوٹائے گا جس سے وہ نکلا ہے۔
صحیح بخاری 3124
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن مبارک نے ہمیں بتایا کہ معمر سے مروی ہے۔ انہوں نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ انبیاء میں سے ایک نبی نے دشمن پر چڑھائی کی اور اپنی قوم سے کہا کہ میرے ساتھ وہ شخص نہ جائے جس نے عورت سے عقد کیا ہو اور وہ اسے گھر میں لانا چاہتا ہو اور ابھی تک اسے نہ لایا ہو اور نہ ایسا شخص جس نے گھر کے کمرے بنائے اور ان کی چھتیں مکمل نہ کی ہوں اور نہ وہ جس نے بکریاں یا گابھن اونٹنیاں خریدی ہیں اور وہ ان کے جننے کا انتظار کر رہا ہو۔ چنانچہ وہ نبی جنگ کے لئے نکلا اور نمازِ عصر یا اس کے قریب اس گائوں (اریحا) کے قریب پہنچا تو سورج سے کہنے لگا کہ تو بھی مامور (یعنی تابع حکم الٰہی ہے) اور میں بھی مامور ہوں۔ اے میرے اللہ! اس سورج کو ہمارے لئے روک رکھ (اس وقت تک کہ ہمیں فتح حاصل ہو۔ چنانچہ) سورج روکا گیا۔ یہاں تک کہ اللہ نے اس نبی کو اُن پر فتح دی اور اس نے اموالِ غنیمت جمع کیے اور آگ آئی تاکہ انہیں جلائے۔ لیکن آگ نے اسے نہ چھوا۔ تو اس نبی نے کہا: تم میں کوئی ایسا شخص ہے جس نے مالِ غنیمت سے چوری کی ہے، اس لئے چاہیے کہ ہر قبیلے میں سے ایک ایک آدمی مجھ سے بیعت کرے۔ چنانچہ ایک شخص کا ہاتھ اس نبی کے ہاتھ سے چمٹ گیا تو نبی نے کہا: تمہارے قبیلہ میں چوری کا مال ہے۔ چاہیے کہ تمہارا قبیلہ مجھ سے بیعت کرے۔ دو یا تین اشخاص کا ہاتھ اس نبی کے ہاتھ سے چمٹ گیا۔ جس پر نبی نے کہا کہ چوری کا مال تمہارے پاس ہے۔ تو وہ ایک سونے کا سر لائے جو گائے کے سر کی مانند تھا اور انہوں نے وہ سر رکھ دیا۔ آگ آئی اور اسے جلادیا۔ اللہ نے ہمارے لئے غنیمتیں حلال کردیں۔ اس نے ہماری کمزوری کو دیکھا۔ اس لئے غنیمتوں کے اموال ہمارے لئے جائز کردئیے۔