کتاب 11: باب قِسْمَةِ الإِمَامِ مَا يَقْدَمُ عَلَيْهِ، وَيَخْبَأُ لِمَنْ لَمْ يَحْضُرْهُ أَوْ غَابَ عَنْهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3127
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا کہ ایوب (سختیانی) سے مروی ہے۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی مُلَیکہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کو کچھ ریشمی قبائیں جنہیں سونے کے بٹن لگے ہوئے تھے بطور تحفہ دی گئیں تو آپؐ نے اپنے صحابہ میں سے کچھ لوگوں میں وہ تقسیم کر دیں اور ان میں سے ایک قبا حضرت مخرمہ بن نوفلؓ کے لئے الگ کر دی۔ پھر حضرت مخرمہؓ آئے اور ان کے ساتھ ان کا بیٹا مِسوَر بن مخرمہؓ تھے۔ وہ دروازے پر کھڑے ہوئے اور (بیٹے سے) کہا: (اندر جاکر) آپؐ کو میرے لئے بلا لائو تو نبی ﷺ نے ان کی آواز سن لی اور وہ قباء لی اور اسے لے کر ان سے ملے اور ان بٹنوں کو ان کے سامنے نمایاں کرکے ان کا استقبال کیا اور فرمایا: ابومِسوَر! یہ میں نے آپ کے لئے چھپا رکھی تھی۔ دو بار یہ بات فرمائی اور حضرت مخرمہؓ کے مزاج میں ذرا تیزی تھی۔ (اسماعیل) بن عُلَیَّہ نے یہی بات ایوب سے روایت کی کہ حاتم بن وَرْدان نے کہا: ایوب نے ہمیں بتایا کہ ابن ابی مُلَیکہ سے مروی ہے۔ انہوں نے مِسوَر سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس کچھ قبائیں آئیں۔ لیث (بن سعد) نے بھی (ایوب کی طرح) ابن ابی مُلَیکہ سے روایت کی ہے۔