کتاب 20: باب مَا يُصِيبُ مِنَ الطَّعَامِ فِي أَرْضِ الْحَرْبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3153
ابو الولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید بن ہلال سے، حمید نے حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم خیبر کے محل کا محاصرہ کئے ہوئے تھے کہ ایک آدمی نے تھیلہ پھینکا جس میں چربی تھی۔ میں اس کے لینے کو لپکا تو کیا دیکھتا ہوں کہ نبی ﷺ کھڑے ہیں۔ سو میں شرم کی وجہ سے اس کو لینے سے رُک گیا۔
صحیح بخاری 3154
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم اپنی لڑائیوں میں شہد اور انگور بھی پایا کرتے تھے اور انہیں کھاتے اور اُٹھا کر رکھ نہ چھوڑتے۔
صحیح بخاری 3155
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد نے ہمیں بتایا کہ شیبانی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: غزوئہ خیبر کی راتوں میں ہم بھوکے رہتے تھے۔ جب خیبر کی لڑائی ہوئی تو ہم پالتو گدھوں پر لپکے اور انہیں ذبح کیا۔ جب ہانڈیاں اُبل رہی تھیں تو رسول اللہ ﷺ کے منادی نے آواز دی: ہانڈیاں اُلٹ دو اور گدھوں کے گوشت میں سے کچھ نہ کھائو۔ حضرت عبداللہ (بن ابی اوفیؓ) کہتے تھے: ہم کہنے لگے کہ نبی ﷺ نے صرف اس لئے منع فرمایا ہے کہ ان کا پانچواں حصہ نہیں نکالا گیا تھا۔ (شیبانی نے) کہا: اور بعض نے کہا: آپؐ نے اس کو قطعاً حرام قرار دیا ہے۔ سعید بن جبیر سے میں نے پوچھا تو انہوں نے کہا: آپؐ نے ان کو قطعی حرام قرار دیا تھا۔