کتاب 17: بَابُ إِثْمِ مَنْ عَاهَدَ ثُمَّ غَدَرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3178
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عبداللہ بن مرہ سے، انہوں نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ چار خصلتیں ہیں۔ جس میں وہ پائی جائیں وہ پکا منافق ہے۔ جب بات کرے تو جھوٹ بولے اور جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے۔ اور جب عہد کرے تو عہد شکنی کرے۔ جب جھگڑا کرے تو گالی دے۔ جس شخص میں ان خصلتوں میں سے کوئی ایک خصلت پائی جاتی ہو تو وہ نفاق کی خصلت ہوگی۔ جب تک اسے چھوڑ نہ دے۔
صحیح بخاری 3179
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے اپنے باپ (یزید بن شریک) سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نے نبی ﷺ سے سوائے قرآنِ مجید کے اور ان باتوں کے جو اس ورق میں ہیں اور کچھ نہیں لکھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: مدینہ جبل عائر سے لے کر فلاں جگہ تک حرم ہے جس نے (اس میں) بدعت پیدا کی یا بدعتی کو پناہ دی تو اس پر اللہ تعالیٰ، ملائکہ اور سب لوگوں کی لعنت ہوگی۔ اس سے کوئی بدل قبول نہ کیا جائے گا اور نہ کوئی نقدی اور مسلمانوں کی ذمہ داری ایک سی ہے۔ ان میں سے ایک ادنیٰ شخص بھی اس ذمہ داری سے متعلق کوشش کر سکتا ہے۔ پس جس نے کسی مسلمان کی ذمہ داری کو توڑا تو اس پر اللہ، ملائکہ اور تمام لوگوں کی لعنت ہوگی نہ اس سے نقدی قبول ہوگی اور نہ کوئی معاوضہ۔ اور جس نے بغیر اپنے موالی کی اجازت کے کسی قوم سے موالات کی تو اس پر بھی اللہ اور ملائکہ اور سب لوگوں کی لعنت ہوگی۔ اس سے نہ کوئی نقدی قبول کی جائے گی اور نہ معاوضہ۔
صحیح بخاری 3180
اور ابو موسیٰ (محمد بن مثنیٰ) نے کہا: ہاشم بن قاسم نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعید بن عمرو) سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: تمہارا کیا حال ہوگا جب تم (خراج سے) نہ دینار وصول کرو گے نہ درہم؟ تو ان سے پوچھا گیا: ابوہریرہ! آپؓ کے خیال میں یہ کیسے ہوگا؟ تو انہوں نے کہا: اس خدا کی قسم جس کے ہاتھ میں ابوہریرہ کی جان ہے! میں نے یہ بات اُس کے بتانے سے لی ہے جو سچے تھے اور ان سے سچی بات ہی کہی جاتی تھی۔ لوگوں نے کہا: بیان کریں کہ کس وجہ سے ایسا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی ذمہ داری کی ہتک کی جائے گی۔ تو اللہ عز وجل ذمیوں کے دلوں کو سخت کر دے گا تو وہ مال جو ان کے ہاتھوں میں ہوں گے، روک لیں گے۔