کتاب 18: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3181
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ ابوحمزہ نے ہمیں خبر دی، کہا: میں نے اعمش سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابووائل سے پوچھا۔ کیا آپ صفین کی جنگ میں موجود تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں اور میں نے حضرت سہل بن حنیفؓ سے سنا۔ لوگوں سے کہہ رہے تھے کہ اپنی رائے کمزور سمجھو۔ میں نے ابو جندلؓ کے واقعہ میں دیکھا۔ مجھے خیال آیا: کاش مجھے طاقت ہو کہ میں نبی ﷺ کی بات ردّ کر دوں تو میں ضرور ردّ کر دیتا اور ہم نے اپنے کندھوں پر کسی ایسے امر کے لئے جس نے ہمیں گھبرا دیا ہو تلواریں نہیں رکھیں۔ مگر آخر وہ امر ہمارے لئے آسان ہوگیا اور ہمیں اس کی حقیقت معلوم ہوگئی۔ لیکن ہمارا یہ ایسا امر ہے کہ ہمیں معلوم نہیں کہ اس کا انجام کیا ہو۔
صحیح بخاری 3182
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) یزید بن عبدالعزیز نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ (ان کے باپ نے کہا) کہ حبیب بن ابی ثابت نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابووائل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم صفین میں تھے کہ حضرت سہل بن حنیفؓ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے: اے لوگو! اپنے آپ کو ہی غلطی پر سمجھو۔ کیونکہ ہم حدیبیہ کے واقعہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے۔ اگر ہم مقابلہ کی صورت دیکھتے تو ضرور مقابلہ کرتے۔ اتنے میں حضرت عمر بن خطابؓ آئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم حق پر نہیں اور وہ (کافر) باطل پر؟ تو آپؐ نے فرمایا: کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا: کیا ہمارے مقتول جنت میں نہیں اور ان کے مقتول آگ میں؟ آپؐ نے فرمایا: کیوں نہیں۔ تو حضرت عمرؓ نے کہا: ہم اپنے دین سے متعلق ایسی ذلت کیوں برداشت کریں؟ کیا ہم یہاں سے یونہی لوٹ جائیں یہاں تک کہ اللہ ہمارے اور ان کے درمیان فیصلہ نہ کردے؟ تو آپؐ نے فرمایا: خطاب کے بیٹے! میں اللہ کا رسول ہوں اور اللہ مجھے ہرگز کبھی ضائع نہیں کرے گا۔ پھر حضرت عمرؓ حضرت ابوبکرؓ کے پاس گئے اور ان سے وہی کچھ کہا جو نبی ﷺ سے عرض کیا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: وہ اللہ کے رسول ہیں اور اللہ ان کو کبھی ضائع نہیں کرے گا۔ پھر سورۃ فتح نازل ہوئی اور رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمرؓ کو آخرة تک پڑھ کر سنائی۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا یہ صلح فتح ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔
صحیح بخاری 3183
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میری ماں اپنے باپ (حارث بن مدرک) کے ساتھ اس حالت میں کہ وہ مشرکہ تھی میرے پاس اس وقت آئی جب قریش سے عہد تھا اور میعادی صلح تھی تو انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے فتویٰ دریافت کیا، کہا: یا رسول اللہ! میری ماں میرے پاس اپنی خواہش سے آئی ہے کیا میں اس سے نیک سلوک کروں؟ فرمایا: ہاں۔ اس سے نیک سلوک کرو۔