کتاب 19: باب الْمُصَالَحَةِ عَلَى ثَلاَثَةِ أَيَّامٍ، أَوْ وَقْتٍ مَعْلُومٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3184
احمد بن عثمان بن حکیم نے ہم سے بیان کیا کہ شریح بن مسلمہ نے مجھے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابراہیم بن یوسف بن ابی اسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اسحاق سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ نے جب عمرہ کا ارادہ کیا، مکہ والوں کو کہلا بھیجا اور مکہ میں آنے کی اجازت طلب کی تو انہوں نے آپؐ پر یہ شرط عائد کی کہ آپؐ مکہ میں تین دن سے زیادہ نہیں ٹھہریں گے اور ہتھیار غلافوں میں ہی لے کر داخل ہوں گے اور اہل مکہ میں سے کسی کو اپنے پاس نہیں بلائیں گے۔ انہوں نے کہا: حضرت علیؓ بن ابی طالب ان کے درمیان یہ شرطیں لکھنے لگے اور انہوں نے یوں لکھا کہ یہ وہ صلح نامہ ہے جس پر محمد رسول اللہ (ﷺ) نے تصفیہ کیا ہے۔ تو کفارِ قریش بولے۔ اگر ہم جانتے کہ تم اللہ کے رسول ہو تو ہم تمہیں نہ روکتے اور ضرور تمہاری بیعت کرلیتے۔ بلکہ یوں لکھو: یہ وہ صلح نامہ ہے جس پر محمد بن عبداللہ نے تصفیہ کیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: بخدا! میں محمد بن عبداللہ بھی ہوں اور اللہ کا رسول بھی۔ حضرت براء بن عازبؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ لکھنا نہیں جانتے تھے تو آپؐ نے حضرت علیؓ سے کہا: رسول اللہ کے الفاظ مٹا دو تو حضرت علیؓ نے کہا: بخدا! میں تو ہرگز نہیں مٹائوں گا۔ تو آپؐ نے فرمایا: تو پھر مجھے جگہ دکھا دو۔ حضرت براءؓ کہتے تھے: تو حضرت علیؓ نے آپؐ کو وہ جگہ دکھائی اور نبی ﷺ نے اپنے ہاتھ سے وہ لفظ مٹا دئیے۔ جب آپؐ مکہ میں داخل ہوئے اور وہ دن گزر گئے تو اہل مکہ حضرت علیؓ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اپنے ساتھی سے کہو، اب یہاں سے کوچ کر جائے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا: ہاں اور آپؐ نے وہاں سے کوچ کیا۔