کتاب 22: باب إِثْمِ الْغَادِرِ لِلْبَرِّ وَالْفَاجِرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3186
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ اور شعبہ نے ثابت سے بھی روایت کی۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے کہ آپؐ نے فرمایا: ہر دغاباز کا قیامت کے روز ایک جھنڈا ہوگا۔ ان دونوں راویوں میں سے ایک نے کہا: جھنڈا نصب کیا جائے گا اور دوسرے نے کہا: قیامت کے روز جھنڈا دیکھنے سے وہ پہچانا جائے گا کہ یہ دغاباز ہے۔
صحیح بخاری 3187
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ اور شعبہ نے ثابت سے بھی روایت کی۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے کہ آپؐ نے فرمایا: ہر دغاباز کا قیامت کے روز ایک جھنڈا ہوگا۔ ان دونوں راویوں میں سے ایک نے کہا: جھنڈا نصب کیا جائے گا اور دوسرے نے کہا: قیامت کے روز جھنڈا دیکھنے سے وہ پہچانا جائے گا کہ یہ دغاباز ہے۔
صحیح بخاری 3188
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا۔ ہر دغاباز کے لئے ایک جھنڈا ہوگا جو اس کی دغابازی کے موافق نصب کیا جائے گا۔
صحیح بخاری 3189
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے، مجاہد نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فتح مکہ کے دن فرمایا: اب ہجرت نہیں لیکن جہاد اور نیت باقی ہے اور جب تمہیں (جہاد کے لئے) نکلنے کو کہا جائے تو تم (جہاد کے لئے) نکلو اور فتح مکہ کے دن یہ بھی فرمایا کہ اس شہر (مکہ) کو اللہ نے حرم قرار دیا ہے، اس دن سے جس دن آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا تو یہ روزِ قیامت تک اللہ کی حرمت سے حرم ہے اور مجھ سے پہلے کسی کے لئے اس میں جنگ جائز نہیں ہوئی۔ اور میرے لئے بھی دن کی ایک گھڑی کے لئے ہی جائز ہوئی ہے تو یہ شہر قیامت کے روز تک اللہ تعالیٰ کی حرمت سے حرم (معزز) ہے۔ اس کا کانٹا نہ توڑا جائے اور اس کا شکاری جانور نہ بدکایا جائے۔ کوئی اس کی گری پڑی چیز نہ اُٹھائے مگر وہی جو اسے شناخت کرائے اور اس کا گھاس نہ کاٹا جائے۔ حضرت عباسؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اِذخر کو مستثنیٰ فرمائیں کیونکہ یہ ان کے کاریگروں کے کام آتی ہے اور ان کے گھروں کے لئے درکار ہے۔ فرمایا: سوائے اِذخر کے۔