کتاب 59: كتاب بدء الخلق
صحیح بخاری, حصہ 7
صحیح بخاری 3310
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابویونس قشیری سے، ابویونس نے ابن ابی مُلَیکہ سے روایت کی کہ (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ سانپوں کو مار ڈالتے تھے۔ پھر (وہ ان کے مارنے سے لوگوں کو) منع کرنے لگے۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے اپنی ایک دیوار گرائی تو اس میں سانپ کی کینچلی پائی۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو تو وہ کہاں ہے؟ لوگوں نے اُسے دیکھ لیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے مار ڈالو۔ اس لیے میں انہیں جہاں پاتا مار ڈالا کرتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3311
پھر میں حضرت ابولبابہؓ سے ملا اور انہوں نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: پتلے سفید سانپوں کو نہ مارا کرو۔ البتہ ہر سفید دو دھاری والا دم کٹا جو سانپ ہے، اس کو مار ڈالو۔ کیونکہ وہ حمل گرا دیتا ہے اور بینائی ضائع کر دیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3312
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر ؓ سے روایت کی کہ وہ سانپوں کو مار ڈالا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3313
پھر ان سے حضرت ابولبابہؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے گھروں کے پتلے سانپوں کو مارنے سے روک دیا تھا۔ پھر وہ ان سے رُک گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3314
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا، (کہا:) معمر نے ہم سے بیان کیا انہوں نے زُہری سے، زُہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: پانچ جانور موذی ہیں جو حرم میں (بھی) مارے جا سکتے ہیں۔ چوہا، بچھو، چیل، کوا اور کاٹنے والا کتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3315
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ جانور ایسے ہیں جن کو کوئی محرم ہونے کی حالت میں بھی مار ڈالے تو اس پر کوئی گناہ نہیں۔ بچھو، چوہا، کاٹنے والا کتا، کوا اور چیل۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3316
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کثیر سے، کثیر نے عطاء سے، عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے اس روایت کو آنحضرت ﷺ تک پہنچایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: برتنوں کو ڈھانکے رکھو اور مشکوں کا منہ باندھو، دروازوں کو بند کرو اور عشائ کے وقت گھروں سے باہر جانے سے اپنے بچوں کو روکے رکھو۔ کیونکہ جن پھیلتے اور جھپٹتے ہیں اور سوتے وقت چراغ گل کیا کرو۔ کیونکہ چوہیا بھی کبھی بتی کھینچ کر لے جاتی ہے اور گھر والوں کو جلا دیتی ہے۔ ابن جریج اور حبیب نے عطاء سے روایت کرتے ہوئے جن کے لفظ کی بجائے شیطان نقل کیا (اور کہا کہ وہ پھیلتے اور جھپٹتے ہیں۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3317
عبدہ بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک غار میں تھے کہ سورۃ المرسلٰت نازل ہوئی اور ہم ابھی آپؐ کے منہ سے سیکھ ہی رہے تھے کہ اتنے میں ایک سانپ اپنے بل میں سے نکلا اور ہم اس کی طرف جلدی سے لپکے کہ اسے مار ڈالیں۔ مگر وہ ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی اپنے بل میں گھس گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس طرح تم اس کے شر سے بچائے گئے ہو، وہ تمہارے شر سے بچایا گیا ہے۔ اور (یحیی نے) اسرائیل سے، اسرائیل نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے اسی طرح کی حدیث نقل کی۔ اس میں یوں ہے کہ ہم ابھی اس (سورۃ) کو آپؐ کے منہ سے تازہ بتازہ سیکھ ہی رہے تھے۔ (اسرائیل کی طرح) ابوعوانہ نے بھی مغیرہ سے یہی نقل کیا۔ اور حفص (بن غیاث) اور ابومعاویہ اور سلیمان بن قرم نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3318
نصر بن علی نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالاعلیٰ نے ہمیں خبر دی۔ عبیداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ایک عورت ایک بلی کی وجہ سے آگ میں داخل ہوئی۔ اس نے اس کو باندھے رکھا۔ نہ تو اسے کھلایا اور نہ اسے چھوڑا کہ وہ زمین کے کیڑے مکوڑے کھاتی۔ عبدالاعلیٰ نے کہا: ہمیں عبیداللہ نے اسی طرح بتایا ہے۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے ایسے ہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3319
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نبیوں میں سے ایک نبی نے کسی درخت کے نیچے ڈیرہ لگایا ہوا تھا۔ ایک چیونٹی نے ان کو کاٹا۔ انہوں نے اپنے سامان کو اُٹھانے کا حکم دیا۔ چنانچہ درخت کے نیچے سے وہ سامان نکال لیا گیا۔ پھر انہوں نے ان چیونٹیوں کے گھر کے متعلق حکم دیا اور وہ آگ سے جلا دیا گیا۔ اللہ نے انہیں وحی کی کہ کیوں نہ ایک ہی چیونٹی کو جلایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3320
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا، کہا: عتبہ بن مسلم نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عبید بن حنین نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کسی کے پینے کی چیز میں جب مکھی گر پڑے تو چاہیے کہ وہ اسے ڈبو دے اور پھر اسے نکال ڈالے۔ کیونکہ اس کے پروں میں سے ایک پر میں بیماری ہے اور دوسرے میں شفا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3321
حسن بن صباح نے ہمیں بتایا کہ اسحاق ازرق نے ہم سے بیان کیا کہ عوف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسن اور ابن سیرین سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ایک کنچنی عورت بخش دی گئی۔ وہ کنویں کے کنارے پر ایک کتے کے پاس سے گزری تھی جو ہانپ رہا تھا۔ فرمایا: قریب تھا کہ پیاس اسے ہلاک کر دے۔ اس (کنچنی) نے اپنا موزہ اُتارا اور اس کو اپنی اوڑھنی سے باندھ کر اس کے لئے پانی نکالا۔ اس وجہ سے اس کی مغفرت ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3322
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے یہ حدیث زُہری سے اس طرح یاد رکھی ہے (کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں) جس طرح (اس میں شک نہیں) کہ تم یہاں ہو۔ (انہوں نے کہا:) عبیداللہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہم سے، حضرت ابوطلحہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ملائکہ اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا اور مورت ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3323
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے کتوں کو مار ڈالنے کا حکم دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3324
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ ہمام نے ہمیں بتایا کہ یحیی سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابوسلمہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا، کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے کتا رکھا، اس کے عمل سے ہر روز ایک قیراط کم ہوتا جائے گا۔ مگر کھیت یا مویشیوں کی نگہبانی کے لئے اگر کتا رکھا جائے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3325
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہمیں بتایا، کہا: یزید بن خصیفہ نے مجھے بتایا۔ یزید نے کہا: حضرت سائب بن یزیدؓ نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت سفیان بن ابی زُہَیر شنیٔؓ سے سنا۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس نے ایسا کتا رکھا جو نہ کھیتی کی حفاظت کے کام آتا ہو اور نہ اونٹ بکریوں کی حفاظت کے، اس کے عمل سے ہر روز ایک قیراط کم ہوتا جائے گا۔ حضرت سائبؓ نے پوچھا: کیا آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے یہ سنا تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں اور اس قبلہ کے ربّ کی قسم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah