کتاب 1: بَابُ مَا جَاءَ فِي قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَهُوَ الَّذِي يَبْدَأُ الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيدُهُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3190
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جامع بن شداد سے، جامع نے صفوان بن محرز سے، صفوان نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس بنی تمیم کے کچھ لوگ آئے تو آپؐ نے فرمایا: اے بنی تمیم! تمہیں بشارت ہو۔ انہوں نے کہا: آپؐ نے ہمیں بشارت دی ہے تو ہمیں کچھ دیں بھی۔ یہ سن کر آپؐ کا چہرہ متغیر ہوگیا۔ پھر آپؐ کے پاس یمن کے لوگ آئے۔ آپؐ نے فرمایا: یمن والو! یہ بشارت قبول کرو۔ جبکہ بنو تمیم نے اس کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا: ہم نے قبول کیا۔ پھر نبی ﷺ ابتدائے پیدائش اور عرش کے متعلق باتیں کرنے لگے۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے کہا: اے عمران! تمہاری اونٹنی نکل بھاگی ہے (اور میں مجبوراً آنحضرتؐ کی مجلس سے اُٹھ بیٹھا) کاش کہ میں نہ اُٹھتا (اور حضور کی باتیں سنتا رہتا۔)
صحیح بخاری 3191
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ جامع بن شداد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صفوان بن محرز سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے بتایا، کہا کہ میں نبی ﷺ کے پاس اندر گیا اور اپنی اونٹنی دروازے پر باندھ دی۔ بنی تمیم کے کچھ لوگ آپؐ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بنی تمیم اس بشارت کو قبول کر لو۔ انہوں نے کہا: آپ نے ہمیں بشارت تو دے دی ہے ہمیں کچھ دیجئے بھی۔ دو دفعہ انہوں نے کہا۔ پھر اس کے بعد آپ کے پاس اہل یمن میں سے کچھ لوگ آئے۔ آپ نے فرمایا: یمن والو! اس خوشخبری کو قبول کرو۔ جبکہ بنو تمیم نے اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم قبول کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا: ہم (آپ کے پاس) اس امر (پیدائش) کے متعلق پوچھنے آئے ہیں۔ آپ نے فرمایا: پہلے اللہ ہی تھا اور اس کے سوا کچھ نہ تھا اور اس کا عرش پانی پر تھا اور قرآنِ مجید میں اس نے ہر بات لکھ دی ہے اور اس نے ان بلندیوں کو اور اس زمین کو پیدا کیا۔ اتنے میں ایک پکارنے والے نے آواز دی۔ حصین کے بیٹے! تمہاری اونٹنی چلی گئی ہے۔ یہ سن کر میں چل دیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ اتنی دور نکل گئی ہے کہ اس کے اس طرف سراب لہریں مار رہا ہے۔ اللہ کی قسم میں نے آرزو کی کہ میں اس کو چھوڑ دیتا۔
صحیح بخاری 3192
اور عیسیٰ (بن موسیٰ) نے رقبہ سے، رقبہ نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ میں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ ہمارے درمیان منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے ابتدائے پیدائش کے متعلق ہم سے بیان کیا اور اس وقت تک کی حالت بیان کی جبکہ جنت والے اپنے ٹھکانوں میں اور دوزخ والے اپنے ٹھکانوں میں داخل ہوگئے۔ جس نے اس کو یاد رکھا یاد رکھا اور جو اس کو بھول گیا بھول گیا۔
صحیح بخاری 3193
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواحمد سے، ابواحمد نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے (عبدالرحمن) اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ فرماتا ہے (تعجب ہے کہ) ابن آدم نے مجھے گالیاں دیں اور اسے نہیں چاہیے کہ وہ مجھے گالیاں دے اور اس نے مجھے جھٹلایا اور اسے یہ شایانِ شان نہیں تھا۔ اس کا گالی دینا جو ہے تو وہ اس کا یہ کہنا ہے کہ میری اولاد ہے اور اس کا جھٹلانا جو ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ جس طرح اللہ نے مجھے پہلے پیدا کیا، اَب وہ پھر مجھے دوبارہ نہیں پیدا کرے گا۔
صحیح بخاری 3194
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ مغیرہ بن عبدالرحمن قرشی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ مخلوقات پیدا کر چکا تو اس نے اپنی کتاب میں جو کہ اس کے پاس عرش پر ہے یہ لکھا: میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے۔