کتاب 4: باب صِفَةِ الشَّمْسِ وَالْقَمَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3199
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوذر (غفاری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے جب سورج غروب ہو رہا تھا حضرت ابوذرؓ سے پوچھا: تم جانتے ہو یہ سورج کہاں جاتا ہے؟ میں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ جاتا ہے اور جاکر عرش کے نیچے سجدہ کرتا ہے اور جانے کی اجازت مانگتا ہے اور اسے اجازت دی جاتی ہے اور وہ زمانہ قریب ہے کہ وہ سجدہ کرے گا مگر اس کا سجدہ قبول نہ کیا جائے گا اور اجازت مانگے گا اور اسے اجازت نہ دی جائے گی۔ اسے کہا جائے گا: جہاں سے آئے ہو، وہیں لوٹ جاؤ۔ پھر جہاں ڈوبا تھا، وہاں سے سورج نکلے گا اور یہی مراد ہے اس آیت سے جہاں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: سورج بھی ایک جائے قرار تک پہنچنے کے لئے چلا جا رہا ہے جو اس کے لئے مخصوص ہے۔ یہی تقدیر ہے اس کی جو عزیز ہے اور علیم ہے۔
صحیح بخاری 3200
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مختار نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ (بن فیروز) داناج نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: قیامت کے روز سورج اور چاند دونوں لپیٹ دئیے جائیں گے۔
صحیح بخاری 3201
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا، کہا: عمرو (بن حارث) نے مجھے خبر دی۔ عبدالرحمن بن قاسم نے ان کو اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ بتاتے تھے کہ سورج اور چاند کو کسی کی موت سے گرہن نہیں لگتا اور نہ کسی کی زندگی کی وجہ سے، بلکہ وہ اللہ کی قدرت کے نمونوں میں سے دو نمونے ہیں۔ اس لئے جب تم ان کا گرہن دیکھو تو نماز پڑھو۔
صحیح بخاری 3202
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن ابی یسار سے، عطاء نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: سورج اور چاند اللہ کی قدرت کے نمونوں میں سے دو نمونے ہیں۔ کسی کی موت سے گرہن نہیں ہوتے اور نہ ہی کسی کی زندگی کی وجہ سے۔ اس لئے جب تم یہ گرہن دیکھو تو اللہ کے ذکر میں مشغول ہو جائو۔
صحیح بخاری 3203
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا۔ جس دن سورج گرہن ہوا، رسول اللہ ﷺ (نماز کے لئے) کھڑے ہوئے اور آپؐ نے اللہ اکبر کہا اور ایک لمبی قرأت کی۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا۔ دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر آپؐ نے اپنا سر اُٹھایا اور سمع اللہ لمن حمدہ کہا اور کھڑے ہوگئے جیسے کے پہلے تھے اور آپؐ نے ایک لمبی قرأت کی اور یہ پہلی قرأت سے کم تھی۔ پھر آپؐ نے لمبا رکوع کیا اور یہ پہلے رکوع سے کم تھا۔ اس کے بعد آپؐ نے لمبا سجدہ کیا۔ پھر دوسری رکعت میں بھی آپؐ نے ایسا ہی کیا۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا اور گرہن دور ہوکر سورج روشن ہوچکا تھا۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور سورج اور چاند کے گرہن کے بارے میں آپؐ نے فرمایا کہ وہ اللہ کی قدرت کے نمونوں میں سے دو نمونے ہیں۔ کسی کی موت سے گرہن نہیں ہوتے اور نہ ہی کسی کی زندگی کی وجہ سے۔ جب تم ان کا گرہن دیکھو تو ہراساں ترساں نماز کا رُخ کرو۔
صحیح بخاری 3204
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد) سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: قیس (بن ابی حازم) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابومسعود (انصاری) رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابومسعودؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: سورج اور چاند کسی کی موت یا زندگی کی وجہ سے نہیں گہناتے بلکہ وہ دونوں اللہ کی قدرت کے نمونوں میں سے دو نمونے ہیں۔ جب تم انہیں دیکھو تو نماز پڑھو۔