کتاب 5: باب مَا جَاءَ فِي قَوْلِهِ: {وَهْوَ الَّذِي أَرْسَلَ الرِّيَاحَ نُشُرًا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3205
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: شرقی ہوا سے میری مدد کی گئی ہے اور عاد مغربی ہوا سے ہلاک کئے گئے۔
صحیح بخاری 3206
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء سے، عطاء نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ جب آسمان میں بادل دیکھتے تو اِدھر اُدھر اندر باہر آتے جاتے اور آپؐ کا چہرہ متغیر ہو جاتا۔ جب بادل برسنا شروع ہو جاتا تو آپؐ سے گھبراہٹ جاتی رہتی۔ تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ کو آپؐ کی یہ حالت بتائی (اور اس کا سبب پوچھا) نبی ﷺ نے فرمایا: میں نہیں جانتا کہ شاید ویسے بادل نہ ہوں جیسے عاد کی قوم نے کہا تھا جب انہوں نے بادل اپنی وادیوں کی طرف آتے دیکھا (یعنی وہ بادل آ رہا ہے جو ہم پر برسے گا لیکن وہ ان پر عذاب لے آیا۔)