کتاب 10: باب صِفَةِ النَّارِ وَأَنَّهَا مَخْلُوقَةٌ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3258
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مہاجر ابوالحسن سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے زید بن وہب سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ کسی سفر میں تھے۔ آپؐ نے (حضرت بلالؓ سے) فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ تھوڑی دیر بعد پھر فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ یہاں تک کہ سایہ ڈھلنے لگا۔ یعنی ٹیلوں کا سایہ۔ پھر اس کے (تھوڑی دیر) بعد فرمایا: نماز کو ٹھنڈے وقت پڑھو۔ کیونکہ گرمی کی شدت جہنم کی ایک بھاپ ہے۔
صحیح بخاری 3259
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ذکوان سے، ذکوان نے حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: نماز کو ٹھنڈے وقت پڑھا کرو۔ کیونکہ گرمی کی شدت جہنم کی ایک بھاپ ہے۔
صحیح بخاری 3260
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی، کہا: ہم سے ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آگ نے اپنے ربّ سے شکایت کی۔ کہنے لگی: اے میرے ربّ! میرا ایک حصہ دوسرے کو کھا گیا ہے۔ اس کے ربّ نے اس کو دو سانس لینے کی اجازت دی۔ ایک سانس سردی میں اور ایک سانس گرمی میں۔ سو یہ وہی نہایت شدت کی گرمی ہے جو تم گرمی میں محسوس کرتے ہو اور نہایت شدت کی سردی ہے جو تم سرما میں محسوس کرتے ہو۔
صحیح بخاری 3261
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا۔ ابوعامر (عبدالملک عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوجمرہ ضبعی سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں مکہ میں حضرت ابن عباسؓ کے پاس بیٹھا کرتا تھا۔ مجھے بخار نے آ پکڑا۔ انہوں نے کہا: زمزم کے پانی سے ٹھنڈا کرکے اسے اپنے سے دور کرو، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بخار بھی جہنم کی ایک بھاپ ہے۔ اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔ یا فرمایا: زمزم کے پانی سے، ہمام نے یہ شک کیا ہے (کہ کیا الفاظ تھے۔)
صحیح بخاری 3262
عمرو بن عباس نے مجھے بتایا۔ عبدالرحمن (بن مہدی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعید بن مسروق ثوری) سے، ان کے باپ نے عبایہ بن رفاعہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت رافع بن خدیجؓ نے مجھے بتایا، کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: بخار جہنم کا ایک اُبال ہے۔ اس کو پانی سے ٹھنڈا کر کے تم اپنے سے اتار دو۔
صحیح بخاری 3263
مالک بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ زُہیر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بخار جہنم کی بھاپ ہے۔ اس کو پانی سے ٹھنڈا کرو۔
صحیح بخاری 3264
مسدد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بخار جہنم کی بھاپ ہے۔ پانی سے اس کو تم ٹھنڈا کرو۔
صحیح بخاری 3265
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری آگ جہنم کی آگ کے ستر حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔ کہا گیا: یا رسول اللہ! یہی ایک حصہ کافی تھا۔ آپؐ نے فرمایا: دنیا کی آگوں سے وہ اُنہتر حصے بڑھ کر ہوگی۔ ہر ایک حصہ اس آگ کی گرمی کے برابر (گرم) ہوگا۔
صحیح بخاری 3266
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے عطاء سے سنا۔ وہ صفوان بن یعلیٰ سے نقل کرتے تھے۔ صفوان اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتاتے تھے کہ انہوں نے نبی ﷺ کو منبر پر سورئہ زخرف کی آیت یوں تلاوت کرتے سنا: وَنَادَوْا یَا مٰلِکُ۔
صحیح بخاری 3267
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ (بن زیدؓ) سے کہا گیا: اگر آپؓ فلاں کے پاس آئیں اور اس سے گفتگو کریں (تو اچھا ہو) انہوں نے کہا کہ تم سمجھتے ہو کہ میں تمہیں سنا کر ہی اس سے بات کروں گا میں پوشیدگی میں اس سے گفتگو کروں گا بغیر اس کے کہ ایسا دروازہ کھولوں جس کو پہلے میں ہی کھولنے والا بنوں اور میں ایک بات کے بعد جو میں نے رسول اللہﷺ سے سنی کسی آدمی سے متعلق بھی یہ نہیں کہوں گا کہ وہ تمام لوگوں سے بہتر ہے خواہ میرا اَمیر ہی ہو لوگوں نے پوچھا: آپؐ نے آنحضرتﷺ کو کیا فرماتے سنا؟ انہوں نے کہا: میں نے آپؐ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ قیامت کے روز ایک شخص لایا جائے گا اور وہ آگ میں ڈالا جائے گا تو اس کی انتڑیاں جلد سے باہر نکل کر آگ میں ڈھلک پڑیں گی اور وہ چکر کھائے گا جیسے گدھا اپنی چکی کے ارد گرد چکر کھاتا ہے یہ دیکھ کر دوزخی اس کے پاس اکٹھے ہو جائیں گے اور کہیں گے: ارے فلاں! تیری یہ کیا حالت ہے؟ کیا تو ہمیں بھلائی کا حکم نہیں کرتا تھا اور برائی سے نہیں روکتا تھا؟ وہ کہے گا: میں تمہیں بھلائی کا حکم کرتا تھا اور خود بھلائی نہیں کرتا تھا اور برائی سے تمہیں روکتا تھا اور خود برائی کرتا تھا اس حدیث کو غندر نے بھی شعبہ سے اور شعبہ نے اعمش سے روایت کیا ہے۔