باب 11: باب صِفَةِ إِبْلِيسَ وَجُنُودِهِ
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 3288
(امام بخاری نے) کہا: اور لیث (بن سعد) نے کہا: خالد بن یزید نے مجھے بتایا کہ سعید بن ابی ہلال سے مروی ہے کہ ابوالاسود (محمد بن عبدالرحمن) نے انہیں خبر دی کہ عروہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ملائکہ اَبر یعنی بادل میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہیں، اس واقعہ کے متعلق جو زمین میں ہونے والا ہو۔ شیطان بھی کوئی بات سن لیتے ہیں۔ پھر وہ اسے کاہن کے کان میں اس طرح ڈال دیتے ہیں جیسے شیشے کے برتن میں کوئی چیز ڈالی جاتی ہے تو وہ اس کے ساتھ ایک سو جھوٹ اَور بڑھاتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3289
عاصم بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابوذئب کے بیٹے نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ (کیسان) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جمائی بھی شیطان کی وجہ سے ہی ہوتی ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی جمائی لے تو جہاں تک ہو سکے چاہیے کہ وہ اس کو روکے۔ کیونکہ جب تم میں سے کوئی (جمائی لیتے وقت) ہاہا کی آواز نکالتا ہے تو شیطان ہنستا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3290
زکریا بن یحیی نے ہمیں بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے کہا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی۔ ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: جب احد کی جنگ ہوئی مشرکوں کو شکست ہوئی اور ابلیس چلایا: اللہ کے بندو! اپنے پچھلوں سے بچو۔ یہ سن کر ان سے اگلے لوٹ آئے اور یہ اور پچھلے آپس میں تلواروں سے ایک دوسرے پر پل پڑے۔ حضرت حذیفہ (بن یمانؓ) نے نگاہ کی تو کیا دیکھا کہ ان کے باپ حضرت یمانؓ سے لوگ لپٹے ہوئے ہیں۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: اللہ کے بندو! یہ میرا باپ ہے، میرا باپ۔ بخدا وہ نہ رُکے، انہیں مار ہی ڈالا۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: اللہ تمہیں بخشے۔ عروہ کہتے تھے: حضرت حذیفہؓ اپنے باپ کے مارے جانے پر (ان کیلئے) بھلی دعا ہی کرتے رہے یہاں تک کہ وہ اللہ سے جا ملے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3291
حسن بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ ابو الاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اَشعث سے، اشعث نے اپنے باپ (سلیم) سے، انہوں نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے اس آدمی کے بارے میں پوچھا جو نماز میں مڑ کر دیکھتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: شیطان کی وہ ایک جھپٹ ہی ہوتی ہے جو تم میں سے کسی ایک کی نماز سے جھپٹا مار کر لے لیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3292
ابو المغیرہ نے ہم سے بیان کیا کہ اَوزاعی نے ہمیں بتایا، کہا: یحیی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ سلیمان بن عبدالرحمن نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ ولید نے ہمیں بتایا۔ اَوزاعی نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن ابی قتادہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ ان کے باپ نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اچھا خواب اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور پریشان خواب شیطان کی طرف سے، اگر تم میں سے کوئی پریشان خواب دیکھے جس سے وہ خوف کرے تو چاہیے کہ وہ اپنی بائیں طرف تھوکے اور اس خواب کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے۔ پھر وہ اس کو نقصان نہ دے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3293
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبکر کے آزاد کردہ غلام سُمَیّ سے، سمی نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص دن میں سو بار یہ کہے کہ ایک اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہت ہے اور اسی کے لئے ہر ایک خوبی ہے اور وہ ہر شے پر پورا پورا قادر ہے تو یہ کلمہ اس کے لئے ثواب میں دس گردنوں کے آزاد کرنے کے برابر ہوگا اور اس شخص کے لئے ایک سو نیکیاں لکھی جائیں گی اور اس سے ایک سو گناہ مٹا دئیے جائیں گے اور یہ کلمہ اس کے لئے شیطان سے سارا دِن شام تک بچاؤ کا سبب ہوگا اور کوئی شخص اس سے بہتر عمل کرنے والا نہ ہوگا مگر وہی جس نے اس سے زیادہ یہ کلمہ پڑھا ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3294
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا۔ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالحمید بن عبدالرحمن بن زید نے مجھے خبر دی کہ محمد بن سعد بن ابی وقاص نے انہیں بتایا۔ ان کے باپ حضرت سعد بن ابی وقاصؓ نے کہا: حضرت عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے (اندر آنے کی) اجازت مانگی اور اس وقت آپؐ کے پاس قریش کی کچھ عورتیں تھیں جو آپؐ سے باتیں کر رہی تھیں اور آپؐ سے زیادہ خرچ مانگ رہی تھیں۔ ان کی آوازیں بلند تھیں۔ جب حضرت عمرؓ نے اجازت مانگی وہ اُٹھ کھڑی ہوئیں اور جلدی سے پردے میں ہو گئیں۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کو اجازت دی اور رسول اللہ ﷺ ہنس رہے تھے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ آپؐ کو ہمیشہ ہنسائے۔ آپؐ نے فرمایا: ان عورتوں پر مجھے تعجب آیا جو میرے پاس تھیں۔ جب انہوں نے تمہاری آواز سنی، جلدی سے پردے میں ہو گئیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کے زیادہ حق دار ہیں کہ وہ آپؐ سے مرعوب ہوتیں۔ اس کے بعد حضرت عمرؓ نے کہا: اے اپنی جانوں کی دشمنو! کیا تم مجھ سے ڈرتی ہو اور رسول اللہ ﷺ سے نہیں ڈرتیں۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ تم بہت اَکھڑ سنگ دل ہو۔ رسول اللہ ﷺ ایسے نہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے جب کبھی بھی شیطان تم سے کسی راستے میں چلتے ہوئے ملتا ہے، وہ بجائے تمہارے راستے پر چلنے کے کسی اور راستے پر ہو لیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3295
ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوحازم کے بیٹے نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یزید (بن عبداللہ) سے، یزید نے محمد بن ابراہیم سے، انہوں نے عیسیٰ بن طلحہ سے، عیسیٰ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، { حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی} کہ آپ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اپنی نیند سے جاگے اور پھر وہ وضو کرے تو چاہیے کہ وہ تین بار ناک میں پانی لے کر اسے جھاڑ کر صاف کرے۔ کیونکہ شیطان اس کی ناک کے بالائی حصے کی اندرونی ہڈیوں پر رات بسر کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah